ممتاز ایم قاضی: ایشیا کی پہلی خاتون لوکوموٹو ڈرائیور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ممتاز ایم قاضی
ممتاز ایم قاضی

 

 

آواز دی وائس: نئی دہلی 

ہندوستان میں خواتین نے ہر میدان میں بازی ماری ہے،ان میں مسلمان خواتین بھی ہیں۔ بات صرف کھیل یا فلمی دنیا تک محدود نہیں رہی ہے،اس کی ایک مثال ہیں ہندوستا ن کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیورممتاز ایم قاضی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا نام لمکا بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔ جو تقریبا 27 سالوں سے ، ممتاز ملک کے مصروف ترین راستے پر ٹرین چلا رہی ہیں۔ممبئی سنٹرل ریلوے کے تقریبا 700 مرد موٹر مینوں میں وہ واحد موٹر وومین ہیں۔

ان کی کہانی جدوجہد کی زندہ مثال ہے،جنہوں نے نہ صرف تعلیم کےلئے محنت کی بلکہ سماجی بندھنوں کو کاٹنے کےلئے بھی گھر میں ایک جنگ لڑی۔مگر ہمت نہیں ہاری اور آج ملک کی سب سے تجربہ کار خاتون ٹرین ڈرائیور ہیں۔جنہیں ممبئی لوکل کے مسافر برسوں سے نہ صرف چہرے بلکہ نام سے جانتے ہیں۔

ایک متوسط طبقے کے مسلمان گھرانے سے تعلق رکھنے والی ممتاز کے لئے یہ سب کچھ اتنا آسان نہیں تھا۔ اس مقام تک پہنچنے کے لئے اسے بہت جدوجہد کرنا پڑی۔ آج ممتاز ایم قاضی نہ صرف ہندوستان ، بلکہ ایشیا کی پہلی خاتون ٹرین انجن ڈرائیورہیں۔

 ممتاز ایم قاضی کی پیدائش تجارتی دارالحکومت ممبئی کے ایک قدامت پسند مسلمان خاندان میں ہوا ۔انہوں نے 1989 میں سانتا آنندی لال روڈر ہائی اسکول ، سانٹا کروز سے گریجویشن کی۔ ممتاز کے والد اللہ رکھا اسماعیل کتھاوالا ریلوے میں ایک سینئر افسر تھے۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد ، ممتاز نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کل وقتی ٹرین ڈرائیور کیریئر کو آگے بڑھائیں گی۔

 ان کے والد نے کہا تھا کہ آج تک صرف مرد ہی یہ کام کر رہے ہیں ، لہذا ممتاز کا اس میدان میں جانا درست نہیں ہوگا۔ والد نے ممتاز کو میڈیکل لیبارٹری ٹکنالوجی میں کورس مکمل کرنے کا مشورہ دیا لیکن ممتاز اپنے اصرار پر ڈٹی رہی۔ باپ کی شدید مخالفت کے باوجود کچھ خاندانی دوست اور ریلوے حکام نے ممتاز کے خوابوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ آخر میں اسے اپنی بیٹی کے اصرار کے سامنے ہار مانگنی پڑی۔

 آخر میں ممتاز ایم قاضی نے 1989 میں گریجویشن کرنے کے بعد انجن ڈرائیور کے عہدے کے لئے درخواست دی۔ وہ تحریری امتحان اور انٹرویو دونوں میں سرفہرست رہی۔ ریلوے میں ملازمت کے دوران 1995 میں ممتاز کا انتخاب پہلے ڈیزل انجن ڈرائیور کے طورپرہوا ، جس کے بعد انکا نام لمکا بک آف ریکارڈز میں داخل ہوا۔ ممتاز 45 سال کی ہوگئی لیکن اس کی رفتارجاری ہے ۔وہ ہندوستان کے پہلے اور انتہائی گنجان ریلوے روٹ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس تھانہ سیکشن پر مضافاتی مقامی ٹرینیں چلاتی ہے۔

 ممتاز ایم قاضی نہ صرف ہندوستان بلکہ ایشیاءکی پہلی خاتون ٹرین انجن ڈرائیور بھی ہیں ۔

وہ 2017 میں اس وقت کے صدر پرنب مکھرجی کے ہاتھوں ممتاز خواتین کے دن پر ' ناری شکتی ایوارڈ 'سے نوازی جاچکی ہیں۔ یہ ایوارڈ ہندوستان میں خواتین کی کامیابیوں کے اعتراف میں ہر سال دیا جاتا ہے۔ممتاز کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ وہ پہلے ایسے ڈرائیورہیں جو ڈیزل اور الیکٹرک دونوں طرح کی انجن چلاسکتی ہیں۔ پچھلے کئی سالوں سے الیکٹرک موٹر وومن کی حیثیت سے کام کرنے پر ہندوستانی ریلوے سے 2015 میں ریلوے جنرل منیجر ایوارڈبھی حاصل کیا ۔

awazurdu

ممتاز ایم قاضی  کو 2017میں صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے’’ناری شکتی‘‘ ایوارڈ سے نوازہ تھا 

ممتاز کے شوہر مقصود قاضی برقی انجینئر ہیں اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ بیٹے کا نام توصیف اور بیٹی کا نام فتین ہے۔ ملازمت کے ساتھ ساتھ ممتاز اپنے کنبہ کی اچھی دیکھ بھال کرتی ہے۔ صبح سویرے اٹھنے کے بعد ، وہ اپنے گھریلو کام مکمل کرنے اور کھانا تیار کرنے کے بعد ہی صبح 6 بجے اپنے گھر سے ڈیوٹی کے لئے نکلتی ہے۔ ملازمت کرنے کے ساتھ ساتھ ممتاز نہ صرف اپنے سسرال کی دیکھ بھال کرتی ہے بلکہ اپنے والد کے گھر کا بھی پورا خیال رکھتی ہے۔ ممتاز کی وجہ سے ہی ان کے دونوں بھائیوں نے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی تھی اور اب یہ دونوں بیرون ملک ملازمت کر رہے ہیں۔