سوہان ملک: چھوٹی عمر میں بڑا ماحولیاتی رضا کار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ماحولیات رضا کار سوہان ملک: قد چھوٹا کام بڑے
ماحولیات رضا کار سوہان ملک: قد چھوٹا کام بڑے

 

 

 آواز دی وائس، گوہاٹی

دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ اگر اپنے اندر خود اعتمادی ہو اور کچھ کرنے کا جذبہ ہو تو ہر ناممکن کام ممکن ہو جاتا ہے۔ یہ بات 13 سالہ 'سوہان ملک' کے معاملے میں درست ثابت ہو چکی ہے۔ اس عمر میں جب دوسرے بچے تتلیوں کے پیچھے بھاگتے ہیں یا اپنے مستقبل کے خواب دیکھتے ہیں، سوہان نے اپنے آپ کو زمین کی خدمت کے لیے وقف کر دیا ہے۔ سوہان کا واحد خواب ہندوستان کو آلودگی سے پاک رکھنا اور ملک کو سدا بہار(Evergreen) بنانا ہے۔ چھ سال کی عمر سے، سوہان نے فطرت سے محبت کے لیے مختلف بیداری مہم شروع کردی تھی۔

آواز دی وائس کے ساتھ ایک انٹرویو میں سوہان ملک نے کہا کہ مجھے قدرتی ہریالی کے ساتھ رہنے میں مزہ آتا ہے۔ پودے، پرندے، جانور وغیرہ سب مجھے بہت عزیز ہیں، جب کوئی انہیں تکلیف دیتا تو بہت برا لگتا ہے۔ میں نے ہمیشہ فطرت کی حفاظت کے بارے میں سوچا ہے۔ لیکن، میں کیا کر سکتا ہوں، چونکہ میں ایک چھوٹا بچہ ہوں؟ میرے والدین میرے خیالات کو پڑھ سکتے ہیں اور انہوں نے میری کوشش میں ہر طرح سے میرا تعاون کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے اپنے حصے کا تھوڑا سا کام کر رہا ہوں۔

a

سوہان ملک شجرکاری مہم کے دوران

انہوں نے بتایا کہ میں نے فطرت کے تحفظ پر کام کرنا اس وقت سے شروع کردیا تھا جب کہ میں پہلی جماعت میں پڑھ رہا تھا۔ میں نے 2016 میں پہلی بار بیداری پھیلانے کے لیے سیو رائنو پروجیکٹ(Save Rhino Project) پر کام کرنا شروع کیا۔ سوہان نے کہا کہ ابتدائی طور پرمیں نے گینڈوں کے تحفظ کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے پوبیٹورہ وائلڈ لائف سینکچوری، اورنگ نیشنل پارک، کازی رانگا نیشنل پارک وغیرہ کا دورہ کیا۔ تاہم، میں نے محسوس کیا کہ اپنے اردگرد کے لوگوں میں محض آگاہی فطرت ہی تحفظ میں مددگار ثابت نہیں ہوگی۔ کیونکہ لوگ شاید میرے جیسے بچے کو سنجیدگی سے نہ لیں۔ اس لیے میں نے ملک کے کچھ بااثر لوگوں سے ملنے کا پروگرام بنایا کیونکہ میں پورے ہندوستان کو سدا بہار اور آلودگی سے پاک رکھنے کا خواب دیکھتا ہوں۔ 

سوہان ملک کا تعلق ہاتھی گاؤں سے ہے، فی الوقت وہ لٹل فلاور ایس سی سی اسکول میں ساتویں جماعت کا طالب علم ہے۔ سوہان اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ فطرت کے تحفظ کے لیے بھی پوری کوشش کر رہا ہے۔  سوہان نے اپنے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے سفر کرنا شروع کیا اور سفر کے دوران وہ ایسے بااثر لوگوں سے ملا جو اس کے خواب کو پورا کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے اس نے ہندوستان کے طول و عرض میں سفر کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

awaz

سوہان ملک بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کے ہمراہ

اس تعلق سےسوہان کے والد مفضل ملک نے کہا کہ سوہان بچپن سے ہی فطرت سے محبت کرنے والا ہے، اس نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے وہ کیا ہے جو وہ کرنا چاہتا ہے۔ اس نے ملک کو سرسبزوشاداب بنانے کے لیے ہندوستان بھر میں سفر کرنے کے اپنے خواب کے بارے میں مجھ سے بات کی۔

ان کے والد نے مزید کہا کہ چونکہ میں ایک ٹیکسی ڈرائیور ہوں، اس لیے شروع میں مجھے یہ فکر لاحق تھی کہ میں اپنے بچے کی خواہش کو کیسے پورا کروں گا۔ تاہم میں ہر وقت سوہان کو سپورٹ کرتا رہا ہوں کیونکہ میرا بیٹا اچھا کام کر رہا ہے۔ جب سوہان سفر پر جانا چاہتا تھا تو میں بہت پریشان ہوا، لیکن میں نے کبھی اس کی حوصلہ شکنی نہیں کی۔ ہمارے پاس مالی وسائل اور بچت بہت کم تھے۔ اس لیے میں نے مختلف لوگوں سے پیسےقرض لیے اور سوہان کو ملک گیر سفر پر لے گیا۔

سوہان نے ایک سینگ والے گینڈے کو معدوم ہونے سے بچانے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے نئی دہلی، کولکاتہ، ممبئی اور دیگر مقامات کا سفر کیا۔ سوہان نے 2017 میں آسام کے سابق گورنر بنواری لال پروہت اور 2018 میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ ایک سینگ والے گینڈے کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے سابق مرکزی وزیر قانون روی سنکر پرساد سے بھی ملاقات کی اور ان سے گینڈے کے تحفظ کے لیے قانون بنانے کی درخواست کی اور مطالبہ کیا کہ شکار کرنے والوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ اس کے علاوہ سہان نے جنگلی حیات کے کارکنوں، ماہرین ماحولیات، سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ کے مشہور اداکار جان ابراہم، اکشے کمار، وویک اوبرائے اور مقبول اداکارہ بپاشا باسو سے بھی ملاقات کی اور ان سے گینڈے کے تحفظ کے حوالے سے لوگوں میں بیداری پھیلانے کی اپیل کی۔

 سوہان نے بتایا کہ اس نے حال ہی میں آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما سے ملاقات کی ہے، اور ان سے درخواست کی ہے کہ ملک کے ہر میٹرو سٹی میں ایک چھوٹا گینڈا پارک قائم کیا جائے تاکہ ایک سینگ والے گینڈے کو دنیا میں متعارف کرایا جا سکے۔ خیال رہے کہ سوہان نے ممکنہ پارک کا ڈئزائن بھی تیار کیا ہے، جو اس نے وزیراعلیٰ آسام کو دکھایا تھا۔

awaz

سوہان ملک آسام میں 

وزیراعلیٰ نے ان کی باتیں توجہ سے سنی اور انہیں خوش آمدید کہا اور اس معاملے پر جلد بات کرنے کا وعدہ بھی کیا۔  سوہان کو قدرتی اور ایک سینگ والے گینڈے کے تحفظ کے شعبے میں کام کرنے پر آسام حکومت نے 'گڑھ بندھو(Garh Bandhu) اور 'گرین ہیرو'(Green Hero) کے خطاب سے نوازا ہے۔ سوہان نے حال ہی میں بنگال پرائیڈ ایوارڈ جیتا اور یہ ایوارڈ بالی ووڈ اداکار شکتی کپور نے دیا۔ اس کے علاوہ، سوہان ملک کو آئندہ برس فروری2022 میں دبئی میں پہلی بار منعقد ہونے والے دنیا کے پہلے چلڈرن ونڈر ایوارڈز میں گلوبل چائلڈ پروڈیجی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

۔سوہان اس وقت موسمیاتی تبدیلی پر کام کر رہے ہیں۔ سوہان نے موسمیاتی تبدیلی کی مختلف وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے ایک چھوٹا ماڈیول بنایا ہے اور اسے مختلف لوگوں میں تقسیم کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرناچاہتا ہے اورمستقبل میں ماحولیاتی تحفظ پر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔

awaz

سوہان ملک ایک بیداری مہم کے دوران

سوہان ملک کی مختلف تقریبات میں حصہ لے چکا ہے اور اب تک 12,000 سے زیادہ پودے لوگوں میں مفت تقسیم کر چکا ہے۔ سوہان نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی ایک بیداری مہم شروع کی تاکہ عوام میں ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا رجحان پیدا ہوسکے۔ سوہان نے ایک مرتبہ بیداری پھیلانے کے لیے چار روزہ پروگرام کے دوران شہر بھر میں سائیکل چلائی تھی۔