علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:دسویں کلاس کی ٹاپرالشفا بننا چاہتی ہیں ڈاکٹر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2022
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:دسویں کلاس کی ٹاپرالشفا بننا چاہتی ہیں ڈاکٹر
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:دسویں کلاس کی ٹاپرالشفا بننا چاہتی ہیں ڈاکٹر

 

 

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں 10ویں کلاس میں ایک بار پھر بیٹیوں نے اپنے خاندان کا نام روشن کیا ہے۔ اے ایم یو گرلز اسکول کی الشفا نے 500 میں سے 496 نمبر لے کر ٹاپ کیا ہے۔ الشفا کا خواب ہے کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بنے ،مریضوں کی خدمت کرے اور انھیں مرض سے شفا دلائے۔

دراصل، اے ایم یو کلاس 10 ویں کا نتیجہ جاری کیا گیا ہے. دسویں کے سالانہ امتحان میں 1618 طلباء نے شرکت کی اور اس میں 703 طالبات سمیت 1609 طلباء نے امتحان پاس کیا۔ اس بار اے ایم یو میں پاس ہونے کا تناسب 99.44 فیصد ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے ایم یو گرلز اسکول کی طالبہ الشفا نے دسویں جماعت میں ٹاپ کیا ہے۔

امتحان میں 500 میں سے 496 نمبر حاصل کرنے والی الشفا ڈاکٹر بن کر سماجی خدمت کرنا چاہتی ہے۔ اس نے بتایا کہ مسلسل 5 سے 6 گھنٹے مطالعہ کرنے سے ہی کامیابی ملی ہے۔ پڑھائی میں ارتکاز، نظم و ضبط کے ساتھ نوٹوں کی تیاری فائدہ مند تھی۔

الشفاء کے والد راشد حسین انصاری ایک سرکاری اسکول ٹیچر اور والدہ سیما بیگم گھریلو خاتون ہیں۔ امتحانات کے کنٹرولر کے دفتر کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق اے ایم یو گرلز اسکول کی الشفا نے 500 میں سے 496 نمبر لے کر امتحان میں ٹاپ کیا، جب کہ ایس ٹی ایس ہائی اسکول کی بشریٰ تاج 494 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

بشریٰ تاج بھی ڈاکٹر بننا چاہتی ہے۔اس نے بتایا کہ روزانہ 5 گھنٹے باقاعدگی سے مطالعہ کرکے یہ پوزیشن حاصل کی۔ اے ایم یو گرلز اسکول کی لڑکیوں میں ریتیکا ورشنی، عائشہ جبین، عاطفہ وحید انصاری اور اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز کی شریا جدون نے 500 میں سے 493 نمبر حاصل کرکے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔

طلباء کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ان کے مستقبل میں کامیابی کی خواہش کی اور ان کی بہترین کارکردگی پر انہیں مبارکباد دی۔