سری لنکا میں دنیا کا سب سے بڑا نیلم پتھربرآمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-07-2021
سری لنکا میں دنیا کا سب سے بڑا نیلم پتھربرآمد
سری لنکا میں دنیا کا سب سے بڑا نیلم پتھربرآمد

 

 

سری لنکا: قدرت ہمیشہ اپنے کرتب دکھاتی رہتی ہے، جس سے انسان حیرت و استعجاب میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

بعض اوقات انسان اتفاقاً کسی ایسی چیز تک پہنچ جاتا ہے جس کے لیے اگر وہ ساری زندگی بھی لگا رہے تو کبھی اسے حاصل نہ کر سکے۔

ایسا ہی ہوا سری لنکا کےایک جوہری گاماگی(Gamage) کے ساتھ جن کے گھر میں پچھلے سال مزدور کنواں کھود رہے تھے کہ انھیں حادثاتی طور پر 510 کلو گرام (25 لاکھ قیراط) وزنی قیمتی پتھر نیلم (Sapphire) مل گیا۔

اس کی صحیح قدر و قیمت کا اندازہ لگانے پر ایک سال لگ گیا۔ اس پتھر کا نام ’’سیرنڈپیٹی نیلم‘‘ (Serendipity Sapphire) یعنی’’قسمت سے ملنے والا نیلم‘‘ رکھا گیا ہے۔

سری لنکا کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا نیلم ہے جبکہ ماہرین کے مطابق 25 لاکھ قیراط وزنی اس پتھر کی عالمی منڈی میں قیمت سو ملین ڈالر ہو گی جو کہ پاکستانی کرنسی میں تقریباً 16 ارب روپے کی رقم بنتی ہے۔

جواہرات کے معروف سری لنکن ماہر ڈاکٹر جمینی زویسا (Dr Gamini Zoysa) نے عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ ’’میں نے اتنا بڑا نیلم اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔ یہ شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا۔‘‘

یہ واقعہ سری لنکا کے علاقے رتنا پورہ (Ratnapura) کا ہے اور سنہالی زبان میں اس کا مطلب ’’جواہرات کا شہر‘‘ ہے۔

ماضی میں بھی اس شہر سے قیمتی جواہرات ملتے رہے ہیں اور اسے سری لنکا میں جواہرات کے دارالحکومت کے طور پر جانا جاتا ہے۔

پتھر کے مالک گاماگی کی تیسری نسل جواہرات کے کاروبار سے وابستہ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس پتھر سے مٹی اور گندگی صاف کرنے پر ایک سال سے زائدکا عرصہ لگا اور اس کے بعد ہی اس کی صحیح کوالٹی اور قیمت کا اندازہ لگایا گیا۔

صفائی کے دوران اس بڑے پتھر سے کچھ چھوٹے چھوٹے پتھر ٹوٹ کر الگ ہوئے تو معلوم ہوا کہ یہ انتہائی اعلی معیار کا نیلم ہے۔

تاہم ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ اگرچہ اس نیلم کے قیراط کا معیار بہت اعلی ہے لیکن عین ممکن ہے کہ ذخیرے کے اندر جواہرات اتنے قیمتی نہ ہوں۔

یاد رہے کہ سری لنکا دنیا میں زمرد ، نیلم اور دیگر قیمتی پتھر برآمد کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔

پچھلے سال سری لنکا نے قیمتی جواہرات، ہیروں اور زیورات کی برآمد سے تقریبا 50 کروڑ ڈالر کمائے تھے۔