سعودی عرب:مقدس مساجد کی انتظامیہ میں 20 خواتین اعلیٰ عہدوں پر فائز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2021
بدلتا وقت ۔ بدلتی ذمہ داریاں
بدلتا وقت ۔ بدلتی ذمہ داریاں

 

 

جدہ: سعودی عرب میں ایک انقلاب آیا ہوا ہے۔ سماجی تبدیلیوں کی جھڑی لگی ہوئی ہے جو دنیا میں سوعدی عرب کے قدامت پسند کردار کو کہیں نہ کہیں دور کررہی ہے۔

 حکومت نے ہر شعبہ زندگی میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،جس کے تحت اب خواتین کے لیے مختلف میدانوں میں مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔

 اب ایک اور بڑا فیصلہ لیا گیا ہے۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس نے 20 خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا ہے۔ یہ خواتین ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیے ہوئے ہیں۔

 اخبار 24 اور الوطن کے مطابق السدیس نے کہا کہ ’منفرد علمی استعداد اور عمدہ تجربات رکھنے والی خواتین کو انتظامیہ کے معاون سربراہ اور سیکریٹریز کے عہدوں پر تعینات کیا جائے گا- علاوہ ازیں مختلف ترقیاتی اداروں میں معاون سیکریٹری کے عہدوں پر بھی خواتین تعینات کی جائیں گی۔

 ڈاکٹر السدیس نے اس سے قبل مقدس مساجد کی انتظامیہ کے ماتحت خواتین کو بااختیار بنانے والا ایک ادارہ بھی قائم کیا ہے- اسے مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کے انتظامات میں جدت لانے کے لیے خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے-

مقدس مساجد کی انتظامیہ نے توجہ دلائی ہے کہ منفرد علمی ڈگریاں اور تجربات کی دولت سے مالا مال خواتین کی صلاحیتوں سے ممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا- خواتین سعودی وژن 2030 کے تحت حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کو سہولتیں فراہم کریں گی