جانئے:کیوں کیا جاتا ہےخانہ کعبہ کا غلاف 3 میٹربلند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2021
خانہ کعبہ
خانہ کعبہ

 

 

مکہ :ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے برسوں سے جاری روایت پرعمل کرتے ہوئے حج سیزن کے دوران غلاف کعبہ کو بلند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق کعبہ شریف کا غلاف 3 میٹربلند کرنے کے بعد مخصوص کاٹن کے سفید کپڑے میں بلند کیے گئے غلاف کعبہ کو لپیٹ دیاجاتاہے۔

غلاف کعبہ کو چاروں اطراف سے بلند کیا جاتا ہے اس عمل میں خصوصی ڈوریاں استعمال کی جاتی ہیں جن سے غلاف کعبہ کو بلند کرکے باندھا جاتا ہے۔

غلاف کعبہ کو رمضان المبارک اور حج سیزن کے دوران اوپراٹھایاجاتا ہے ۔ اس حوالے سے حرم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنے کےلیے اسے رمضان المبارک اور حج سیزن میں بلند کردیاجاتا ہے کیونکہ ان دنوں دنیا بھرسے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور عازمین حج ارض مقدس آتے ہیں جن میں بعض لوگ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کےلیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں اس لیے غلاف کو ان مواقع پربلند کردیاجاتا ہے۔

 دوسری وجہ غلاف کعبہ کو بلند کرنے کی اسے صاف رکھنا ہے کیونکہ بیشتر عازمین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ غلاف سے لپٹیں اور اسے چومیں جس کی وجہ سے غلاف میلا ہو جاتا ہے۔

 غلاف کعبہ کو سال میں 2 بار بلند کرنے کا عمل برسوں سے جاری ہے اوریہ ایک طرح سے روایت کا حصہ بن چکا ہے اسی لیے اس پرہربرس عمل کیاجاتا ہے۔

 غلاف کعبہ کو بلند کرنے کےلیے مخصوص ٹیمیں ہیں جن میں 50 سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں جبکہ خصوصی سیڑھی بھی اس کام کےلیے مخصوص ہے۔