ہم چاہتے ہیں ہندوستان بھی پاکستان کا دورہ کرے: فواد چوہدری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-03-2022
ہم چاہتے ہیں ہندوستان بھی پاکستان کا دورہ کرے: فواد چوہدری
ہم چاہتے ہیں ہندوستان بھی پاکستان کا دورہ کرے: فواد چوہدری

 

 

 

راولپنڈی : پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کرکٹ سیریز کھیلنے آئے۔

جمعے کے روز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز ایک صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ  پاکستان میں آسٹریلیا کے دورے پرکیا کہیں گے؟ گورنز سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ’انڈیا والے زخمی ہیں ابھی بھی اس ہار سے جو ان کو دبئی میں ہوئی تھی، ابھی تک وہ اس سے سنبھلے نہیں ہیں۔‘ خیال رہے آخری مرتبہ پچھلے سال ٹی20 ورلڈکپ میں دبئی سٹیڈیم میں مدمقابل آئے تھے اور یہ میچ پاکستان 10 وکٹوں سے جیتا تھا۔

پاکستانی  وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’میں ان (انڈیا) سے بھی یہ کہتا ہوں کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ انڈین کرکٹ ٹیم آئے، پاکستان میں زبردست میچ ہونے چاہییں اور بجائے اس کے کہ آپ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو روکنے کی کوشش کریں ہمیں پاکستان اور انڈٰیا کو ایک دوسرے کی کرکٹ کو سپورٹ کرنا چاہیے۔‘ پاکستانی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان فلم کے شعبے میں تعاون ہو اور کرکٹ میں بھی تعاون ہو۔ ’ہم سمجھتے ہیں کہ انڈیا کے ساتھ لوگوں کا جو تعلق ہے اسے بحال ہونا چاہیے، کرکٹ بحال ہونی چاہیے، فلم بحال ہونی چاہیے، میوزک بحال ہونی چاہیے۔‘