ہم نہیں چاہتے کہ ہندوستان روس پر انحصار کرے: امریکا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-04-2022
ہم نہیں چاہتے کہ ہندوستان روس پر انحصار کرے: امریکا
ہم نہیں چاہتے کہ ہندوستان روس پر انحصار کرے: امریکا

 

 

واشنگٹن: امریکا نے ہندوستان روس تعلقات پر ایک بار پھر تبصرہ کیا ہے۔ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ ہندوستان دفاعی ضروریات کے لیے روس پر انحصار کرے۔

امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے جمعہ کو کہا کہ واشنگٹن دفاعی ضروریات کے لیے روس پر ہندوستان کے انحصار کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ پینٹاگون کے پریس سکریٹری جان کربی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم ہندوستان سمیت دیگر ممالک کے بارے میں بالکل واضح ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ ممالک دفاعی ضروریات کے لیے روس پر انحصار کریں۔ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

پریس سیکرٹری نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ ہندوستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر آگے بڑھنے کے راستے تلاش کر رہے ہیں۔ کربی نے کہا کہ ہندوستان خطے کو سیکورٹی فراہم کرنے والا ملک ہے اور ہم اس کی قدر کرتے ہیں۔

یوکرین روس جنگ کے درمیان امریکہ کی جانب سےاس طرح کے ریمارکس پہلے بھی آ چکے ہیں۔ اس جنگ کے لیے جہاں امریکہ، برطانیہ اور کئی یورپی ممالک روس کے خلاف پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

وہیں ہندوستان نے اس پر غیر جانبدارانہ موقف اپنایا ہوا ہے۔ یوکرین کے وزیر نے بھارت سے مدد مانگی۔ جمعہ کو یوکرین کے ایک وزیر نے ہندوستان پر زور دیا کہ وہ اپنے جنگ زدہ ملک کی "زیادہ فعال طور پر" مدد کرے۔

یوکرین کے وزیر ثقافت اور اطلاعات الیگزینڈر تاکاچینکو نے کہا کہ ہندوستان اور یوکرین جمہوری اقدار کا اشتراک کرتے ہیں۔'ٹائمز نیٹ ورک انڈیا اکنامک کنکلیو 2022' آن لائن سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، 'کیونکہ یہ (ہندوستان) دنیا کی سب سے بڑی جمہوری طاقت ہے، اور میرا ماننا ہے کہ یوکرین کے لوگ جن جمہوری اقدار کے لیے، ایک آزاد ملک میں رہنے کے حق کے لیے لڑتے ہیں، ان میں ہندوستانی عوام بھی شریک ہیں۔

میں بہت مشکور ہوں گا اگر ہندوستان جنگ کے اس وقت میں یوکرین کی مزید فعال مدد کر سکتا ہے۔