ویتنام: کورونا پھیلانے پر ایک شخص کو پانچ سال قید

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-09-2021
ویتنام:  کورونا پھیلانے پر ایک شخص کو پانچ سال قید
ویتنام: کورونا پھیلانے پر ایک شخص کو پانچ سال قید

 


ہنوئی: ویتنام میں ایک شخص کو کورونا وائرس پھیلانے پر پانچ سال کی قید سنائی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لی وان ٹری نامی شخص نے گھر میں قرنطینہ کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کی جس کے بعد انہیں ’لوگوں میں خطرناک بیماریاں‘ پھیلانے پر سزا سنائی گئی ہے۔

ویتنام میں صوبائی پیپلز کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص ملک میں کورونا وائرس کے متاثرہ علاقے  ہو چی من سٹی سے اپنے آبائی صوبے کا ماؤ گیا، جس کی وجہ سے وہ کورونا وائرس مزید پھیلنے کی وجہ بنا۔

کا ماؤ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ہو چی من سٹی کے مقابلے میں کم ہے اور صوبے میں 21 دن تک گھر میں قرنطینہ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تاہم 28 سالہ مذکورہ شخص نے اس قانون کی خلاف ورزی کی۔

لی وان ٹری میں کورونا وائرس کی تصدیق 7 جولائی2021 کو ہوئی۔

عدالتی رپورٹ کے مطابق ’ٹری نے گھر میں قرنطینہ کرنے کے طبی قانون کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے کئی لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور 7 اگست 2021 کو ایک شخص کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ٹری کی وجہ سے آٹھ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

ویتنام میں گذشتہ سال کورونا وائرس کی کیسز کی تعداد کم تھی، تاہم ملک میں اب اس وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ویتنام میں اب تک پانچ لاکھ 40 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار ہے۔

سب سے زیادہ کیسز اور اموات رواں سال اپریل کے آخر میں سامنے آنا شروع ہوئیں۔

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی اور ہو چی من سٹی میں گذشتہ کئی مہینوں سے سخت لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے۔

ملک میں کئی لوگوں کو کورونا وائرس پھیلانے پر سزا سنائی گئی ہے۔

جولائی میں ایک 32 سالہ شخص کو ویتنام کے شہر ہائی ژونگ میں 18 ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ویتنام ایئرلائنز کے ایک فلائٹ اٹنڈنٹ کو مارچ میں اسی وجہ سے دو سال کی قید سنائی گئی تھی۔