عراق سے امریکی افواج کے انخلا کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2021
اب عراق سے نجات
اب عراق سے نجات

 

 

عراق سے بھی امریکی فوج کے انخلا کا اعلان واشنگٹن : افغانستان سے ابھی امریکی افواج کا انخلا پورا نہیں ہوا ہے لیکن اس سے قبل ہی امریکہ نے ایک اور بڑا اعلان کردیا ہے۔

جس کے تحت اب امریکی فوج کو عراق سے واپس بلا لیا جائے گا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے عراق میں اپنے فوجیوں کا جنگی کردار ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ 

صدر بائیڈن نے پیر کو عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے بات چیت کے دوران کہا کہ امریکی فوجیوں کا عراق میں جنگی کردار رواں سال کے آخر تک ختم ہو جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ عراق میں داعش کے دوبارہ سر اٹھانے کے خطرے اور ایران کے بھرپور اثر کے پیش نظر امریکہ ’سکیورٹی تعاون‘ جاری رکھے گا جبکہ مصطفیٰ الکاظمی نے اس موقعے پر ’سٹرٹیجک شراکت داری‘ کی یقین دہانی کرائی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکی فوجی عراق میں ’تربیت، مدد اور داعش کے سر اٹھانے پر اس سے نمٹنے کے لیے موجود ہوں گے۔‘

 تاہم انہوں نےتصدیق کی کہ عراق میں موجود 2500 امریکی فوجی لڑیں گے نہیں۔

 امریکہ اور عراق نے اپریل میں اتفاق کیا تھا کہ امریکہ کے ’ٹرین اینڈ ایڈوائس مشن‘ کا مطلب ہے کہ امریکی جنگی کردار ختم ہو جائے گا لیکن دونوں ممالک کے درمیان جنگی مشن کے مشاورتی مشن میں تبدیلی کے لیے کوئی ’ٹائم ٹیبل‘ طے نہیں ہوا تھا۔

 یہ اعلان 10 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے تین ماہ سے بھی کم عرصہ پہلے سامنے آیا۔

 عراقی وزیر اعظم الکاظمی کے لیے پریشانیوں کی کمی نہیں۔ عراق کے اندر سرگرم ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا حالیہ مہینوں میں امریکی افواج کے خلاف حملوں میں تیزی لائی ہے اور کئی ہسپتالوں میں لگنے والی تباہ کن آگ نے درجنوں افراد کی جان لے لی ہے۔

 اس سب کے علاوہ کرونا (کورونا) وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز نے لوگوں کی مایوسی میں مزید اضافہ کیا ہے۔

الکاظمی کے لیے عراقی عوام کو امریکہ کے جنگی کردار کے خاتمے کی تاریخ دینا انتخابات سے قبل سیاسی طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وسطی ایشیا میں عراق کی ساکھ اور اس کے موقف کو بہتر بنانے کا سہرا الکاظمی کے سر ہے۔

گذشتہ ماہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور مصر کے صدر عبدالفتح السیسی مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے بغداد آئے تھے۔ یہ مصری صدر کا عراق کا 1990 کے بعد پہلا سرکاری دورہ تھا۔ امریکہ کے دورہ پر موجود عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی کا اس سے قبل کہنا تھا کہ ’عراقی سرزمین پر کسی غیر ملکی جنگی افواج کی ضرورت نہیں۔‘ عراق میں جنگی مشن کے خاتمے کا اعلان ایسے وقت کیا گیا جب امریکہ افغانستان میں 20 سال سے جاری جنگی مشن کے خاتمے کے آخری مراحل میں ہے۔