امریکی سمٹ : پاکستان چین، روس کی وجہ سے شریک نہیں ہوگا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-12-2021
 امریکی سمٹ : پاکستان  چین، روس کی وجہ سے شریک نہیں ہوگا
امریکی سمٹ : پاکستان چین، روس کی وجہ سے شریک نہیں ہوگا

 

 

اسلام آناد : امریکی صدر جو بائیڈن ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔ اس کانفرنس میں سو سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں لیکن اس میں روس اور چین سمیت کئی ممالک کو دعوت نہیں دی گئی۔ پاکستان کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اس کانفرنس میں شرکت کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ واشنگٹن سے کسی اور وقت کسی اور فورم پر رابطہ جاری رکھا جائے گا۔ دفتر خارجہ نے امریکی حکومت کی طرف سے اس دعوت نامے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستانی خارجہ امور کے ماہرین کے مطابق پاکستان کا امریکی صدر جو بائیڈن کی ’ورچوئل ڈیموکریسی سمٹ‘ میں حصہ نہ لینے کی وجہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ملک کے محل و وقوع کے حساب سے بنایا جانا اور چین کے ساتھ دوستی ہوسکتی ہے۔

مختلف ممالک میں تعینات رہنے والے سابق پاکستانی سفیر اور خارجہ امور کے ماہر ایم عالم بروہی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ورچوئل ڈیموکریسی سمٹ میں پاکستان نے چین دوستی کے باعث شرکت کرنے سے معذرت کی ہے کیوں کہ اس میں چین کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔‘

 ایم عالم بروہی نے کہا چین کی دوستی میں پاکستان کے پاس کوئی اور چارہ نہیں تھا کہ سمٹ میں شرکت کرنے سے نرمی سے انکار کردے-

 ’پاکستان کا سمٹ میں شرکت نہ کرنا چین دوستی کے علاوہ روس، چین، ترکی اور ایران کا جو نیا گروپ بن رہا ہے، جس میں پاکستان کو خاصی دلچسپی ہے، بھی بڑا سبب ہے کیوں کہ اس متوقع گروپ کے ارکان روس، چین اور ترکی کو بھی دعوت نہیں دی گئی ہے اس لیے بھی پاکستان شرکت کرنے سے گریز کررہا ہے۔ 

ایم عالم بروہی سمجھتے ہیں کہ اس کے علاوہ امریکہ کو بھی جمہوریت سے کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے بلکہ وہ اس سمٹ سے ایک طرح سے اپنے پسندیدہ ممالک کی نشاندہی کرنا چاہتا ہے۔