لوئس وِل (امریکہ): امریکہ میں سرکاری "شٹ ڈاؤن" کے باعث وفاقی حکومت نے "سَپلیمنٹل نیوٹریشن اسسٹنس پروگرام" (SNAP) کو معطل کر دیا، جس کے بعد خوراک کی تقسیم کے مراکز اور دکانوں پر مفت کھانا اور راشن حاصل کرنے کے لیے لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
نیویارک کے برونکس علاقے میں ہفتے کے روز "ورلڈ آف لائف کرسچین فیلوشپ انٹرنیشنل پینٹری" میں معمول سے تقریباً 200 زیادہ لوگ پہنچے۔ کچھ لوگ صبح چار بجے ہی آ گئے تاکہ وہ پھل، سبزیاں، ڈبل روٹی، دودھ، جوس اور سینڈوچ وغیرہ حاصل کر سکیں۔
اس پینٹری میں رضاکارانہ خدمت انجام دینے والی میری مارٹن خود بھی یہیں سے خوراکی مدد حاصل کرتی ہیں۔ مارٹن نے کہا، "اگر یہ پینٹری نہ ہوتی تو مجھے معلوم نہیں ہم کیسے زندہ رہتے۔" انہوں نے کہا، "میں اپنے پوتے پوتیوں کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی۔" زراعت کے محکمے نے ہفتے سے خوراکی پروگرام کے تحت کی جانے والی ادائیگیاں روکنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
تاہم بعد میں دو وفاقی ججوں نے انتظامیہ کو ادائیگی جاری رکھنے کا حکم دیا۔ یہ واضح نہیں تھا کہ فیصلے کے بعد مستفید ہونے والوں کے ڈیبٹ کارڈ میں رقم کب جمع کی جائے گی، جس سے کئی لوگوں میں خوف اور الجھن پیدا ہو گئی۔ ایس این اے پی کے تحت تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
اس پروگرام کی معطلی نے کئی افراد کی معاشی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ "شٹ ڈاؤن" اس وقت نافذ ہوتا ہے جب حکومت کے اخراجات کے لیے رقم ختم ہو جاتی ہے۔ پارلیمنٹ کو فنڈز کی منظوری دینا ہوتی ہے اور ایسا نہ ہونے پر "شٹ ڈاؤن" لاگو کر دیا جاتا ہے۔