افغانستان میں امریکی ریڈیو کی ایف ایم نشریات پر پابندی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-12-2022
افغانستان میں امریکی ریڈیو کی ایف ایم نشریات پر پابندی
افغانستان میں امریکی ریڈیو کی ایف ایم نشریات پر پابندی

 

 

کابل : افغانستان میں طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے 13 بڑے شہروں میں امریکی نشریاتی ادارے ریڈیو آزادی کی ايف ايم پر نشریات بند کر دی گئی ہیں۔ طالبان کی اطلاعات و ثقافت کی وزارت کی جانب سے جاری ہونے والی ایک ہدایت کے مطابق یہ پابندی یکم دسمبر سے نافذ العمل ہو گی۔

وائس آف امریکہ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ طالبان کے ترجمان نے ان مبینہ شکایات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ شکایات انہیں امریکی فنڈنگ سے چلنے والے نیوز پروگراموں کے بارے میں موصول ہوئی ہیں۔ طالبان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ریڈیو صحافتی اصولوں کا خیال نہ رکھنے اور یکطرفہ خبریں نشر کرنے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات و ثقافت ملا خیر اللہ خیرخواہ نے میڈیا سے ایک پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ وہ اپنی نشریات میں ملک، نظام اور شہریوں کو اولین ترجیح دے کر حقائق شائع کریں۔

افغانستان میں اب بھی خبروں کے لیے ریڈیو ایک مقبول ذریعہ ہے اور زیادہ تر لوگ پشتو اور فارسی کی خبریں بین الاقوامی نشریاتی اداروں بی بی سی، ریڈیو آزادی اور وائس اف امریکہ پر سنتے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی شہروں میں مقامی ایف ایم ریڈیو سٹیشنز بھی موجود ہیں۔ صحافیوں کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں میڈیا کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے۔