امریکی ارب پتی نے لوٹا دئیے سات کروڑ ڈالر کے چوری شدہ نوادرات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
امریکی ارب پتی نے لوٹا دئیے  سات کروڑ ڈالر کے چوری شدہ نوادرات
امریکی ارب پتی نے لوٹا دئیے سات کروڑ ڈالر کے چوری شدہ نوادرات

 

 

واشنگٹن : امریکی شہر نیو یارک میں محکمہ انصاف کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ معروف آرٹ کلیکٹر اور فلاحی کاموں میں سرگرم ارب پتی مائیکل سٹائن ہارٹ نے دنیا بھر سے چوری ہونے والے 180 فن پارے اور نوادرات کو واپس لوٹا دیا ہے جن کی کُل مالیت سات کروڑ ڈالر ہے۔

محکمے کے مطابق کچھ نوادرات ایسے ہیں جو قدیم یونان کے زمانے کے ہیں۔

مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی سائرس وینس کے دفتر کے مطابق نودارات کو لوٹانے کے فیصلے نے 80 سالہ ارب پتی مائیکل سٹائن ہارٹ کو فرد جرم عائد ہونے اور سزا سے تو بچا لیا ہے، مگر اب ان پر زندگی بھر کے لیے قانونی آرٹ مارکیٹ سے خرینے پر پابندی ہے۔

لوٹائے جانے والی اشیا میں یونانی دور کا پینے کا برتن ہے جو ہرن کی شکل کا ہے۔ یہ چار سو سال قبل مسیح پرانا ہے اور اس کی قمیت 32 لاکھ ڈالر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک قدیم یونانی تابوت بھی ہے جو 12 سو سے 14 سو سال قبل مسیح پرانا ہے اور 10 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ قیمتی ہے، اور نمرود، عراق سے سمگل ہونے والا سونے کا بنا برتن جس کی موجودہ قیمت دو لاکھ ڈالر ہے۔

ایک سال کی تحقیقات کے بعد اٹارنی جنرل کے دفتر نے نوادرات کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’مائیکل سٹائن ہارٹ نے دہائیوں تک چوری شدہ نوادارت اور فن پارے جمع کیے۔ نہ انہیں اپنے اقدامات کی غیرقانونی ہونے کی پروا تھی، نہ ان کی خریدی اور بیچی ہوئی اشیا کی اور نہ اس ثقافتی نقصان کی جو انہوں نے دنیا بھر میں پہنچایا۔

فوربز کے اندازے کے مطابق نیو یارک سے تعلق رکھنے والے ارب پتی کی دولت 1.2 ارب ڈالر ہے۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی وینس کے تحقیقاتی اہلکاروں نے حالیہ سالوں میں سٹائن ہارٹ کے دفاتر اور ان کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی نے چوری شدہ فن پاروں اور نوادرات کو ٹریک کرکے انہیں ان کے اصل مالکان کو واپس کرنے کو اپنی ترجیح بنایا ہوا ہے۔

وہ اب تک نیلام گھروں، نجی کلیکشنز اور عجائب گھروں سے ایسے کئی نوادارت واپس حاصل کرچکے ہیں اور لبنان، پاکستان اور اٹلی جیسے ان کے اصل مالکان کو لوٹا چکے ہیں۔

 سٹائن ہارٹ نیو یارک یونیورسٹی اور میٹروپولیٹن میوزیم جیسے اداروں کو فنڈ عطیہ کرتے آئے ہیں۔ میوزیم نے ان کے نام پر ایک گیلری بھی منسوب کی ہے۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق ان کی واپس کی گئی ایشا کی قیمت سات کروڑ ڈالر تک ہے۔

 ان کے دفتر اور سٹائن ہارٹ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق وہ 180 فن پاروں اور نوادرات کو واپس کریں گے جنہیں ان کے مالکان 11 ممالک کو لوٹا دیا جائے گا۔