یوکرین پر کشیدگی کم کرنے پر امریکہ اور روس راضی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-01-2022
 یوکرین  پر کشیدگی کم کرنے پر امریکہ اور روس راضی
یوکرین پر کشیدگی کم کرنے پر امریکہ اور روس راضی

 

 

واشنگٹن : امریکہ اور روس کے وزرائے خارجہ نے یوکرین پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ نے آئندہ ہفتے روسی سلامتی کے حوالے سے کریملن کے تحفظات پر تحریری جواب دینے کا وعدہ اور صدر پوتن کی جو بائیڈن سے ملاقات کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

 یوکرین پر روسی حملے کے خدشات کے پیش نظرامریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے جمعے کو جنیوا میں اپنے روسی ہم منصب سرگے لاوروف کے ساتھ 90 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں ایسے کسی بھی حملے کی صورت میں سخت جوابی کارروائی کی تنبیہہ کو دہرایا۔ روسی وزارت خارجہ نے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ بلنکن کے ساتھ اپنی بات چیت میں لاوروف نے خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن ماسکو کے سکیورٹی مطالبات کو نظر انداز کرتا رہا تو اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

روس نے یوکرین کی سرحد پر دسیوں ہزار فوجیوں کی موجودگی کے باوجود سابق سویت ریاست پر حملہ کرنے کے منصوبے سے انکار کیا ہے۔ لیکن ماسکو نے روس کی سلامتی کے حوالے سے مغرب سے ضمانتوں کا مطالبہ کیا ہے۔ جس میں یوکرین کو نیٹو اتحاد میں کبھی شامل نہ کرنے کی یقین دہانی بھی شامل ہے۔

بلنکن نے صحافیوں کو بتایا کہ اس ملاقات سے قبل کسی بڑی پیش رفت کی توقع نہیں تھی۔ لیکن ان کا خیال ہے کہ ’دونوں فریق ایک دوسرے کے خدشات اور پوزیشن کو سمجھنے کے لیے اب ایک واضح راستے پر گامزن ہیں۔‘ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ’ امریکہ روس کے ساتھ اگلے ہفتے تحریری طور پر اپنے خدشات اور خیالات کو مزید تفصیل سے شیئر کرے گا جس کے بعد دونوں ممالک میں مزید بات چیت ہوگی۔‘ دوسری جانب لاوروف نے صحافیوں کو بتایا کہ ’بلنکن نے اتفاق کیا کہ ہمیں بامعنی مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ جذبہ سرد نہیں ہو گا۔

‘ روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک اور ملاقات ہو سکتی ہے۔ لیکن صدرجو بائیڈن اور ولاد یمیر پوتن کے درمیان ایک اور سربراہی اجلاس کے بارے میں بات کرنا ابھی ’قبل از وقت‘ ہے۔ امریکی اور روسی صدور کی ملاقات گذشتہ جون میں جنیوا میں ہی ہوئی تھی۔ ادھر بلنکن نے دونوں صدور کے درمیان نئی ملاقات کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔ صدر بائیڈن اس ملاقات کے بعد دو بار صدر پوتن سے ٹیلی فون پر بات کر چکے ہیں جس میں انہوں نے اپنے روسی ہم منصب کو یوکرین پر حملے کے نتائج سے خبردار کیا تھا۔

کیف میں یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے ٹویٹ کیا کہ وہ اس حقیقت کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ مسئلے کے حل کے لیے سفارت کاری تاحال فعال ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اور بلنکن نے یوکرین کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی ہے۔ دوسری جانب صدر بائیڈن نے بدھ کو دو ٹوک انداز میں اپنا اندازہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ممکنہ طور پر پوتن یوکرین میں داخل ہو سکتے ہیں اور یہ اقدام روس کے لیے تباہی ثابت ہو گا۔‘ امریکہ بحیرہ روم میں پیر سے شروع ہونے والی نیٹو کی بحری مشقوں میں اپنے طیارہ بردار بحری بیڑے یو ایس ایس ہیری ٹرومین کی شرکت کا اعلان کر چکا ہے۔ تاہم امریکی حکام نے کہا کہ ان مشقوں کا یوکرین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔