امریکہ:دوسکھوں پرحملہ، پولس جانچ میں مصروف

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 13-04-2022
امریکہ:دوسکھوں پرحملہ، پولس جانچ میں مصروف
امریکہ:دوسکھوں پرحملہ، پولس جانچ میں مصروف

 

 

نئی دہلی: امریکا کے شہر نیویارک کے رچمنڈ ہلز علاقے میں منگل کو دو سکھوں پر حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ دونوں چہل قدمی کر رہے تھے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو مشتبہ افراد نے انھیں ڈنڈوں سے مارا اور پھر ان کی پگڑی اتار دی۔ اسی طرح کا حملہ 10 روز قبل بھی اسی مقام پر ہوا تھا۔

 

نیویارک میں ہندوستان کے قونصلیٹ جنرل نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "قابل مذمت" قرار دیا۔ ساتھ میں کہا گیا کہ وہ پولیس کے ساتھ رابطے میں ہیں جو واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس جرم کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

 

نیویارک کے اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، "رچمنڈ ہل میں ہماری سکھ برادری کے خلاف ایک اور قابل نفرت حملہ۔ دونوں افراد کو انصاف ملنا چاہیے۔ جس کے پاس بھی اس کے بارے میں معلومات ہیں انھیں فوری طور پررابطہ کرنا چاہیے۔ "

 

اس حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نیویارک اسٹیٹ آفس کے لیے منتخب ہونے والی پہلی پنجابی امریکی خاتون جینیفر راجکمار بھی سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "حالیہ برسوں میں سکھ برادری کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں تشویشناک 200 فیصد اضافہ ہوا ہے"۔ "

 

میں نے اس ہفتے اپنے سکھ امریکی خاندان کے خلاف دونوں واقعات کے فوراً بعد این وائی پی ڈی سے بات کی"۔

دہلی کے سکھ رہنما منجندر سنگھ سرسا نے اس حملے سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ رچمنڈ ہل میں عین اسی مقام پر 10 دن کے اندر 2 سکھوں پر دوسرا حملہ ہوا۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔