امریکہ:ایئر پورٹ پربندوق چلنےسےافرا تفری،تین افراد زخمی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
امریکہ:ایئر پورٹ پربندوق چلنےسےافرا تفری،تین افراد زخمی
امریکہ:ایئر پورٹ پربندوق چلنےسےافرا تفری،تین افراد زخمی

 

 

اٹلانٹا: امریکہ میں ایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اتفاقاً بندوق چلنے سے افرا تفری پھیل گئی جس کے نتیجے میں ایئر پورٹ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کرنا پڑا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اٹلانٹا ایئر پورٹ حکام نے کہا ہے کہ اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔

امریکی ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب ایکسرے مشین میں ایک مسافر کے بیگ میں ’ممنوع چیز‘ کی شناخت ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب ڈیوٹی افسر نے بیگ کھولنے کی کوشش کی تو مسافر نے اسے چھیننے کی کوشش کی جس کی وجہ سے بندوق چل گئی۔ تاہم مسافر وہاں سے فرار ہو گیا۔

ایئرپورٹ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حکام مسافر کے بارے میں جانتے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ’کوئی حملہ نہیں ہوا، بلکہ اتفاقیہ طور پر بندوق چل گئی۔ کسی مسافر یا عملے کے شخص کو خطرہ نہیں ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔‘

امریکی ٹی وی سی این این پر دکھایا کہ مسافر گر رہے تھے اور افراتفری میں ادھر اُدھر بھاگ رہے تھے۔ ان میں سے کچھ ’نیچے بیٹھ جاؤ، نیچے بیٹھ جاؤ‘ کی آوازیں لگا رہے تھے۔ کچھ لوگوں نے ایئرپورٹ کے ریسٹورنٹ میں پناہ لی اور کچھ تو رن وے کی جانب بھاگ نکلے۔

سی این این کی ایک رپورٹر کا طیارہ اس ایئرپورٹ پر اترنے والا تھا، لیکن پائلٹ نے اعلان کیا کہ ایئرپورٹ پر ’حملہ آور‘ موجود ہے اور ابھی جہاز کو اترنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ رواں برس اس ایئرپورٹ پر سکریننگ کے دوران 450 ہتھیار برآمد کیے گئے۔

امریکی ریاست جارجیا میں 2014 میں منظور کیے گئے ایک متنازع قانون کے تحت کوئی بھی لائسنس یافتہ بندوق لے کر ایئرپورٹ پر جا سکتا ہے، لیکن کسی کو یہ گن ایئرپورٹ سکریننگ ایریا، بارز اور سکولوں میں اسے لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس واقعے کے بعد یہ ایئرپورٹ تقریباً تین گھنٹے بند رکھنے کے بعد کھولا گیا۔ (ایجنسی ان پٹ )