سلی ڈیل، بولی بائی نفرت انگیزی کی اقوام متحدہ نے کی مذمت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 12-01-2022
سلی ڈیل، بولی بائی نفرت انگیزی کی اقوام متحدہ نے کی مذمت
سلی ڈیل، بولی بائی نفرت انگیزی کی اقوام متحدہ نے کی مذمت

 

 

جنیوا: اقوام متحدہ کے ایک خصوصی اہلکار نے کہا ہے کہ ہندوستان میں 'سلی ڈیل' جیسی سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے مسلم خواتین کو ہراساں کیے جانے کی مذمت کی جانی چاہیے اور ایسے واقعات کے خلاف جلد از جلد قانونی کاروائی کی جانی چاہیے۔

عالمی ادارہ برائے اقلیتی امور کے خصوصی افسر ڈاکٹر فرنینڈ ڈی ویرنس نے ایک ٹویٹ میں ہندوستان میں اقلیتوں کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’ہندوستان میں سوشل میڈیا ایپس پر مسلم خواتین کو ہراساں اور فروخت کیا جا رہا ہے۔‘‘

منگل کو ایک ٹویٹ میں، ورنیس نے کہا، "ہندوستان میں اقلیتی مسلم خواتین کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور انہیں سلی ڈیلز جیسی سوشل میڈیا ایپس پر ذات پات کی نفرت سے محرک مواد کے طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

اقلیتوں کے تمام انسانی حقوق کا مکمل اور مساوی تحفظ کیا جانا چاہیے۔واضح ہوکہ دہلی پولیس نے گزشتہ ہفتے مدھیہ پردیش کے اندور سے 26 سالہ اومکاریشور ٹھاکر کو گرفتار کیا تھا، جسے ’سلی ڈیلز‘ بنانے والا سمجھا جاتا ہے۔ اس معاملے میں یہ پہلی گرفتاری ہے۔

سینکڑوں مسلمان خواتین کو ان کی اجازت کے بغیر، ان کی ایڈٹ شدہ تصاویر کے ساتھ ایک موبائل ایپلی کیشن پر "نیلام" کے لیے لسٹ کیا گیا تھا۔

ٹھاکر، جس نے بیچلر آف کمپیوٹر ایپلی کیشنز کی ڈگری حاصل کی ہے، نے اعتراف کیا کہ وہ ٹوئٹر پر ایک گروپ کا رکن تھا اور وہاں مسلم خواتین کو بدنام کرنے اور انہیں ٹرول کرنے کا آئیڈیا شیئر کیا گیا تھا۔

ایک الگ کیس میں، دہلی پولیس نے ایک صحافی کی آن لائن شکایت پر یکم جنوری کو ایف آئی آر درج کی تھی۔ 'بولی بائی' کو ایک ایسی ایپ سے منسلک کیا گیا تھا جس نے مسلم خواتین کو نشانہ بنا کر ان کی تصاویر کو "نیلامی" کے لیے پیش کیا تھا۔