علما نے کیا طالبان سے اپنی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 20-12-2021
علما نے کیا طالبان سے اپنی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ
علما نے کیا طالبان سے اپنی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ

 

 

کابل:کابل شہر میں دو معروف علما  کرام پر حملوں کے بعد افغان علما نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

طلوع نیوز نے رپورٹ کیا کہ علماء نے امارت اسلامیہ سے  مناسب تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ حال ہی میں علما پر کئی حملوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

طلوع نیوز کے مطابق، ہفتے کے روز، کابل میں ایک  مدرسے کے سربراہ بسم اللہ شاکر کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ کابل میں پی ڈی 17کے علاقے خیرخانہ  کی ایک مسجد میں نماز ادا کرنے جا رہے تھے۔

شاکر کے بھتیجے عبدالباسط نے کہا کہ ان کے قتل کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ شاکر کے ایک معاون ذبیح اللہ نے کہا، 'ہمارے لیے کوئی سیکیورٹی نہیں ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے لیے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔

طلوع نیوز  کے مطابق ایک ممتاز مذہبی عالم عبدالسلام عابد جمعہ کو کابل کے پی ڈی 4 کے علاقے پروان میں ہونے والے دھماکے میں بال بال بچ گئے۔ تاہم عابد کا ایک معاون امان اللہ سپائی بعد میں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

کسی فرد یا گروہ نے اعلیٰ سطحی علماء کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حال ہی میں چھ مذہبی علماء کو قتل کیا جا چکا ہے۔ جب کہ مجرموں کا احتساب ہونا ابھی باقی ہے۔