یوکرین مطالبات مان لے جنگ روک دیں گے: روس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-03-2022
یوکرین مطالبات مان لے جنگ روک دیں گے: روس
یوکرین مطالبات مان لے جنگ روک دیں گے: روس

 

 

ماسکو : کریملن کے ترجمان نے پیر کو کہا کہ روس نے یوکرین کو بتا دیا ہے کہ اگر وہ شرائط پوری کر دے تو ’ایک لمحے‘ میں جنگ روک دی جائے گی۔

 ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ یوکرین شرائط کے بارے میں جانتا ہے ’اور انہیں بتا دیا گیا تھا کہ یہ سب ایک لمحے میں روکا جا سکتا ہے۔‘ روس کے مطالبات میں یوکرین کا فوجی کارروائی روکنا، غیر جانب داری کو حصہ بنانے کے لیے آئین میں تبدیلی، کرائمیا کو روس کا علاقہ تسلیم کرنا اورعلیحدگی پسند جمہوریہ دونیتسک اور لوہانسک کو آزاد ریاستوں کے طور پرتسلیم کرنا شامل ہے۔

یہ صورت حال اس وقت سامنے آئی ہے جب یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے یوکرینی شہریوں کو اندھادھند ہدف بنانے پر روسی فوجیوں کو سزا دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اختتام ہفتہ پر روسی فوج نے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دارالحکومت کیئف کے قریب واقع شہر ارپن سے جان بچا کر نکلنے کی کوشش میں آٹھ یوکرینی شہری ہلاک ہو گئے۔ یوکرین کے صدر کا بیان اس واقعے کے بعد سامنے آیا۔ زیلنسکی کے بقول: ’ہم معاف نہیں کریں گے۔ ہم بھولیں گے نہیں۔ ہم ہر اس شخص کو سزا دیں گے جس نے اس جنگ میں اور ہماری سرزمین پر ظلم ڈھایا۔