برطانیہ: ایک مہینے کی بارش ایک دن میں برس گئی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2025
برطانیہ: ایک مہینے کی بارش ایک دن میں برس گئی
برطانیہ: ایک مہینے کی بارش ایک دن میں برس گئی

 



لندن: برطانیہ ایک بار پھر شدید موسمی دباؤ کی زد میں آگیا ہے، جہاں طوفان کلاڈیا کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں محض 24 گھنٹوں کے اندر ایک ماہ کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خراب موسم کے پیشِ نظر محکمۂ موسمیات نے متعدد حصوں میں ایمبر وارننگ جاری کر دی ہے۔

موسمی ماہرین کے مطابق جمعہ کی شب سے ہفتہ کی صبح تک بعض علاقے شدید بارش کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ لندن میں دن کے وقت بھی گھپ اندھیرا چھا جانے سے دن اور رات کا فرق تقریباً مٹ گیا ہے۔ مسلسل موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شہری زندگی متاثر ہو رہی ہے، جب کہ نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

طوفان کلاڈیا اس سے قبل اسپین اور پرتگال میں بھی طوفانی ہواؤں اور بارش کا سبب بن چکا ہے، جس کے بعد اب اُس کا رُخ برطانیہ کی جانب ہے۔ انگلینڈ اور ویلز کے لئے ہفتہ کی صبح تک ییلو وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے، جس میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔