یواے ای :پاکستان سمیت چار ممالک کی فلائٹس پر پابندی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
کورونا کا خوف
کورونا کا خوف

 

 

 دبئی: متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے آنے والوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔مذکورہ ممالک سے آنے والوں پر پابندی کا نفاذ بروز بدھ 12 مئی کی شب 12 بجے سے ہوگا۔اماراتی سول ایوی ایشن اور قومی کمیٹی برائے ہنگامی حالات کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے ان ممالک کو جانے اور آنے والی ٹرانزٹ پروازیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

مذکورہ چار ممالک سے آنے والے ایسے مسافر جو سفر سے 14 دن قبل پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا میں مقیم تھے پر بھی آمارات آنے کی پابندی ہو گی تاہم ان ممالک سے آنے اور جانے والی کارگو سروسزحسب معمول جاری رہیں گی۔متحدہ عرب امارات سے مذکورہ چاروں ممالک کے لیے جانے والی پروازیں حسب معمول جاری رہیں گی جن کے ذریعے امارات سے جانے والے مسافروں کو لے جایا جائے گا۔ پابندی سے بعض مخصوص طبقے کو مستثنی قرار دیا گیا ہے جن میں مذکورہ ممالک میں گئے ہوئے اماراتی شہری، سفارتکار، سرکاری وفود، ایئر لائن کا عملہ، بزنس مین، گولڈن اقامہ ہولڈز شامل ہیں۔بیان کے مطابق جن لوگوں کو پابندی کے دوران مذکورہ چاروں ممالک سے آنے کے اجازت ہو گی انہیں 10 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔

اس کے علاوہ ایئر پورٹ پر ہی ان کا کورونا ٹیسٹ ’پی سی آر‘ کرایا جائے گا۔ امارات میں داخلے کے چوتھے اور دسویں دن بھی پی سی آر ٹیسٹ دہرانا ہو گا جس کا دورانہ 72 اور 48 گھنٹے کا ہونا چاہیے۔سول ایوی ایشن کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایسے افراد جو پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے کسی دوسرے ملک کے ذریعے امارات آ رہے ہوں۔ انہیں چاہیے کہ ان کا قیام اس ملک میں 14 دن سے کم نہ ہو۔