واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اشارہ دیا کہ وہ زرعی درآمدات خصوصاً بھارتی چاول اور کینیڈا سے آنے والی کھاد پر نئے محصولات عائد کر سکتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی بات چیت کسی بڑے نتیجے تک نہیں پہنچ رہی۔
یہ بات انہوں نے وائٹ ہاؤس میں ایک اجلاس کے دوران کہی جہاں انہوں نے امریکی کسانوں کے لیے بارہ ارب ڈالر کی نئی مالی امداد کا اعلان کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ درآمدات ملکی پیداوار کے لیے چیلنج بن رہی ہیں اور وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
صدر نے کہا کہ وہ امریکہ میں بھارتی چاول کی مبینہ ڈمپنگ کا سدباب کریں گے۔ کسانوں نے چاول کی گرتی ہوئی قیمتوں کی شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت ویتنام اور تھائی لینڈ جیسے ممالک سے آنے والی درآمدات ان کی فصلوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے میں نے یہ بات دوسروں سے بھی سنی ہے اور یہ قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کینیڈا سے آنے والی کھاد پر بھی ممکنہ محصولات کا اشارہ دیا تاکہ مقامی پیدا
وار کو فروغ دیا جا سکے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کھاد کی بڑی مقدار کینیڈا سے آتی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس پر سخت محصول لگایا جائے گا کیونکہ اسی طرح مقامی صنعت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ یہاں ممکن ہے اور ہم یہ سب کچھ یہیں کر سکتے ہیں۔
یہ بیانات ایسے وقت میں آئے ہیں جب امریکی معیشت دباؤ میں ہے اور مہنگائی کے ساتھ صارفین کی قیمتوں میں اضافے جیسے خدشات موجود ہیں۔ کسان جو ٹرمپ کی اہم حمایت کا مرکز ہیں وہ لاگت میں اضافے اور تجارتی پالیسیوں سے جڑے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔
کینیڈا اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے جاری مذاکرات بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ رواں سال کے اوائل میں ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر پچاس فیصد محصولات عائد کیے تھے اور اس کی وجہ تجارتی رکاوٹوں اور توانائی کی خریداری کو قرار دیا تھا۔ امریکی وفد اس ہفتے مزید بات چیت کے لیے بھارت کا دورہ کرے گا اگرچہ کسی بڑی پیش رفت کی امید نہیں۔
ٹرمپ اس سے پہلے بھی کینیڈا کے ساتھ محصولات کے معاملے پر تحفظات ظاہر کر چکے ہیں اور اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ ان مصنوعات پر ڈیوٹی بڑھا سکتے ہیں جو شمالی امریکی تجارتی معاہدے میں شامل نہیں۔ ان کے حالیہ بیانات سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ وہ اس معاہدے پر بھی دوبارہ غور کر سکتے ہیں۔