ٹرمپ: کورونا زدہ امریکیوں کو گوانتاناموبے بھیجنا چاہتے تھے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ

 

 

واشنگٹن :حیران نہ ہوں مگر یہ سچ ہے ۔امریکا کے سابق صدر نے کچھ ایسا سوچا تھا جس کے بارے میں کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ کورونا میں مبتلا امریکی شہریوں کو گوانتاناموبے بھیجنا چاہتے تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق دو صحافیوں کی جانب سے لکھی گئی کتاب میں یہ انکشاف کیا گیا ہےکہ سابق امریکی صدر کا خیال تھا کہ امریکا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے شہریوں کو گوانتاناموبے کی جیل میں رکھا جائے۔

 رپورٹ کے مطابق کتاب میں بتایا گیاہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کی صورتحال خراب ہونے کے بعد ٹرمپ نے فروری 2020 میں ہونے والی ایک میٹنگ میں اپنے اسٹاف سے سوال کیا کہ کیا ہمارے پاس ایسا کوئی آئس لینڈ نہیں جس کے ہم مالک ہیں؟ گوانتاناموبے کے بارے میں کیا خیال ہے؟

کیوبا میں موجود گوانتاناموبے جیل کو امریکا سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق اُس وقت ٹرمپ نے کہا کہ ہم مصنوعات درآمد کرتے ہیں اور ہم وائرس درآمد نہیں کریں گے۔اس میٹنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ خود وائرس کا شکار ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

 رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس وقت کے سیکرٹری صحت سے کہا کہ ٹیسٹنگ مجھے مار رہی ہے، ٹیسٹنگ کی وجہ سے میں الیکشن ہارجاؤں گا۔ سابق امریکی صدر کے دور میں امریکا کو کورونا کی انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور جان ہاپکنز یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے دور حکومت تک امریکا میں کورونا سے 4 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے تھے۔