ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ’جی ٹو میٹنگ‘ کو ’’شاندار ملاقات‘‘ قرار دیا۔

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2025
ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ’جی ٹو میٹنگ‘ کو ’’شاندار ملاقات‘‘ قرار دیا۔
ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ’جی ٹو میٹنگ‘ کو ’’شاندار ملاقات‘‘ قرار دیا۔

 



 واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کی ملاقات ’’بہت شاندار‘‘ رہی، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن اور کامیابی کا باعث بنے گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا، ’’میری چین کے صدر شی کے ساتھ جی-ٹو ملاقات دونوں ممالک کے لیے ایک شاندار تجربہ تھی۔ یہ ملاقات ہمیشہ قائم رہنے والے امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی۔ خدا چین اور امریکہ دونوں کو برکت دے!‘‘

ٹرمپ اور شی جن پنگ کی یہ ملاقات 30 اکتوبر کو جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقدہ اپیک سمٹ کے موقع پر ہوئی۔

اس طویل انتظار کی ملاقات کے بعد ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ اور چین کے درمیان ایک اہم ایک سالہ تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت چین سے آنے والی درآمدات پر امریکی ٹیرف 57 فیصد سے گھٹا کر 47 فیصد کر دیا گیا ہے۔

ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’ہم نے ایک معاہدہ کر لیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ یہ معاہدہ ہر سال ازسرِنو بات چیت کے ذریعے بڑھایا جائے گا، ’’لیکن میرا خیال ہے کہ یہ کافی عرصے تک جاری رہے گا، شاید ایک سال سے بھی زیادہ۔‘‘

ٹرمپ نے مزید کہا کہ چینی برآمدات پر 10 فیصد ٹیرف میں کمی اس لیے کی گئی کیونکہ چین نے فینٹینیل (نشہ آور منشیات) کے مسئلے پر سخت کارروائی کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’پہلے یہ 57 تھا، اب 47 ہے۔ ہم نے فینٹینیل پر کارروائی کے سبب اسے کم کیا کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ وہ واقعی اس پر مضبوط قدم اٹھا رہے ہیں۔‘‘

بعد ازاں، ٹرمپ نے بتایا کہ چین نے امریکہ سے سویا بین اور دیگر زرعی مصنوعات کی بڑی مقدار میں فوری خریداری پر اتفاق کیا ہے۔ ایئر فورس ون پر واپسی کے دوران بات چیت میں انہوں نے کہا، ’’ہم کئی نکات پر متفق ہیں۔ چین نے بڑی مقدار میں سویا بین اور دوسری زرعی اشیاء خریدنے کی منظوری دے دی ہے، جو فوراً شروع ہو جائے گی۔ یہ صدر شی کی جانب سے ایک بہت اچھا اشارہ ہے، جس کی میں تعریف کرتا ہوں۔‘‘

یاد رہے کہ سی این این کے مطابق، مئی میں چین نے امریکی ٹیرف کے اعلان کے بعد سویا بین کی خرید بند کر دی تھی، جس کے نتیجے میں امریکی کسانوں کے پاس اربوں ڈالر کی فصلیں فروخت کے بغیر پڑی رہ گئیں اور کئی لوگوں نے ٹرمپ کی پالیسیوں پر سوال اٹھائے، حالانکہ وہ پہلے ان کے حامی تھے۔