حرم شریف : دنیا کا سب سے بڑا ایئر کنڈیشننگ پلانٹس نصب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-04-2022
حرم شریف : دنیا کا سب سے بڑا ایئر کنڈیشننگ پلانٹس نصب
حرم شریف : دنیا کا سب سے بڑا ایئر کنڈیشننگ پلانٹس نصب

 

 

مکہ:سعودی عرب نے حرمین شریفین اور وہاں آنے والے اللہ کے مہمانان کے لیے بہترین اور جدید ترین ٹکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا ہے۔

ان ہی کوششوں میں مسجد حرام کے اندر دنیا کے سب سے بڑے ایئرکنڈیشننگ پلانٹ کی فراہمی شامل ہے۔ یہ پلانٹ حرم کے اندر فضا کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف رہتی ہے کہ مسجد حرام میں ہوا صاف ہو۔

اس طرح حرم شریف کا رخ کرنے والے پوری راحت اور سکون کے ساتھ عبادت اور مناسک انجام دیتے ہیں۔ حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی مسجد حرام کے اندر روزانہ نو مرتبہ ایئرکنڈیشننگ کی صفائی انجام دیتی ہے۔

اس کو حرم شریف کے مختلف حصوں میں خارج ہونے سے قبل الٹرا وائلٹ ریز سے سینی ٹائز کیا جاتا ہے۔ اس طرح مسجد حرام کے اندر ٹھنڈی ہوا کو جراثیم سے 100% پاک کیا جاتا ہے۔

اس عمل میں سب سے پہلے بڑے پنکھوں کی مدد سے قدرتی ہوا کو اندر لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد یہ ہوا کولنگ یونٹوں تک پہنچائی جاتی ہے۔ ہوا کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پانی کا استعمال کیا جاتا ہے۔

اس کے بعد حرم شریف میں ٹھنڈٰ ہوا کے داخل ہونے سے پہلے اسے تین فلٹروں سے گزارا جاتا ہے۔

حرمین شریفین میں آپریشن اینڈ مینٹیننس انتظامیہ کے ڈائریکٹر انجینئر عامر اللقمانی کے مطابق حرمین میں ایئرکنڈیشننگ کے لیے استعمال ہونے والے دو پلانٹ دنیا کے سب سے بڑے پلانٹ میں سے ہیں۔

ان میں پہلا "اجیاد پلانٹ" ہے۔ اس کی پیداوار 35300 ٹن کولنگ ہے جس میں سے تقریبا 24500 ٹن کولنگ استعمال ہو جاتی ہے۔ دوسرا "مرکزی پلانٹ" ہے۔ یہ نیا پلانٹ 1.2 لاکھ ٹن کولنگ پیدا کرتا ہے۔ اس سے تیسری سعودی توسیع کے علاوہ نصف مسعی کا علاقہ پورا کیا جاتا ہے۔

مستقبل میں یہ پلانٹ مسجد حرام کی تمام راہ داریوں اور متصل مقامات کو کولنگ فراہم کرے گا۔ اللقمانی کے مطابق ہوا کو تین مرحلوں میں 100% صاف اور جراثیم سے پاک کر کے ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔ ہوا کو ٹھنڈا کرنے کے لیے ضخیم Units Heat Exchanger کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ان یونٹوں کی تعداد 344 ہے جو خصوصی رُومز میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ ایئر کنڈیشننگ پلانٹس کی دیکھ بھال اور صفائی کے لیے نہایت اعلی تربیت یافتہ انجینئروں اور تکنیک کاروں کو متعین کیا گیا ہے۔

یہ عملہ چوبیس گھنٹے اس پورے عمل کی نگرانی انجام دیتا ہے۔