مقتول فلسطینی صحافی کے خاندان سے امریکہ کااظہار افسوس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2022
مقتول فلسطینی صحافی کے خاندان سے امریکہ کااظہار افسوس
مقتول فلسطینی صحافی کے خاندان سے امریکہ کااظہار افسوس

 

 

 واشنگٹن :امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے فلسطینی صحافی شیرین ابو عاقلہ کی آخری رسومات میں اسرائیل کی جانب سے طاقت کے استعمال پر تنقید کرنے کے بعد ان کے اہل خانہ سے بات کی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ خارجہ کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ بلنکن نے نیٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے برلن جانے والی پرواز سے شیرین ابو عاقلہ کے اہل خانہ کے ساتھ فون پر بات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر  بتایا کہ بلنکن نے شیرین کے صحافتی کام اور آزاد اور خود مختار پریس کی اہمیت پر بات کی۔ بلنکن نے شیرین کے خاندان کو مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت کاروں کی مدد کی پیشکش کی، جن کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔ الجزیرہ ٹیلی ویژن کی معروف صحافی شیرین کو بدھ کو اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی حملے کی کوریج کر رہی تھیں۔

الجزیرہ نے کہا کہ اسرائیل نے انہیں بے دردی سے قتل کیا۔ اسرائیل نے ابتدا میں کہا تھا کہ ’فلسطینی عسکریت پسندوں کو اس قتل کے لیے قصوروار ٹھہرایا جا سکتا ہے۔‘ اسرائیلی فورسز نے جمعے کو صحافی کی آخری رسومات کے دوران شرکا پر دھاوا بول دیا تھا جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ بلنکن نے اس سے قبل کہا تھا کہ انہیں اسرائیلی پولیس کے ان اقدامات سے تکلیف ہوئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بھی شیرین کے قتل کی شفاف تحقیقات پر زور دیا ہے۔