عراق:103 سالہ شخص کی تیسری شادی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-04-2022
عراق:103 سالہ شخص کی تیسری شادی
عراق:103 سالہ شخص کی تیسری شادی

 

 

عراق میں ایک سو تین سالہ بزرگ نے اپنے پوتوں کے پوتوں کی موجودگی میں تیسری شادی کر لی۔ سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر بھی وائرل ہوئیں۔

الامارات الیوم کے مطابق عراق کی جنوبی کمشنری الدیوانیہ میں 103 سالہ عراقی شہری مخیلف فرہود المنصوری کی شادی میں ان کے رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے شرکت کی۔

مخیلف فرہود المنصوری کے بیٹے عبدالسلام نے کہا کہ ’ان کے والد کی یہ تیسری شادی ہے۔ ان کی پیدائش کا سال 1919 ہے۔

پہلی اہلیہ کا انتقال 1999 میں ہوا تو انہوں نے دوسری شادی کی جس سے ان کی اولاد ہوئی۔‘ عبدالسلام نے بتایا کہ ’گذشتہ سال کے آخر اور رواں برس کے آغاز میں ان کے والد کا بیگم سے جھگڑا ہوگیا تھا جس پر وہ ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئیں۔

کئی ماہ سے بلانے کے باوجود واپس نہیں آئیں تو مجبوراً ہمارے والد نے خواہش ظاہر کی کہ وہ شادی کرنا چاہتے ہیں اور اب ان کی خواہش پوری کر دی گئی ہے۔‘ عبدالسلام نے بتایا کہ ’دلہن کی تاریخ پیدائش 1985 ہے۔

پہلے منگنی کی گئی اس کے بعد مہندی کی رسم ہوئی اور پھر باقاعدہ شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ رخصتی کی تقریب میں دولہا کے بیٹوں اور پوتے پوتیوں نے شرکت کی۔‘ اس سے قبل 2020 میں اردن کے 103 سالہ بزرگ عارف عطیہ الجدایہ نے بھی بڑھاپے میں شادی کی تھی.