طالبان کی آفیشل ویب سائٹس اچانک بند ہوگئیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
 آفیشل ویب سائٹس
آفیشل ویب سائٹس

 

 

 واشنگٹن: طالبان کی سرگرمیوں اور تنظیمی پالیسیوں و بیانات کے اجراء کے لیے استعمال ہونے والی 6 زبانوں کی ویب سائٹس اچانک آف لائن ہوگئیں۔ طالبان کا مؤقف پوری دنیا کے سامنے لانے کے لیے جہاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں وہیں ان کی ویب سائٹس بھی خبروں اور پالیسیوں سے آگاہی کا زریعہ ہیں تاہم پشتو، اردو، عربی، انگریزی اور دری زبانوں کی یہ ویب سائٹس اب بند ہوگئی ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے ان ویب سائٹس کو سروس فراہم کرنے والے نیٹ ورک کلاؤڈ فلیئر کے سان فرانسسکو کے دفتر سے فون اور ای میلز کے ذریعے رابطہ کیا تاہم کمپنی کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا۔ ادھر آن لائن انتہا پسندی پر نظر رکھنے والی سائٹ ’’انٹیلی جنس گروپ‘‘ کی ڈائریکٹر ریٹا کاٹز نے تصدیق کی کہ گزشتہ کے روز واٹس ایپ نے بھی متعدد طالبان گروپس کو ایپ سے ہٹا دیا۔

طالبان کے واٹس ایپ گروپس کی بندش کے بعد فیس بک نے بھی اعلان کیا تھا کہ طالبان کے زیر استعمال جن اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی گئی تھی وہ برقرار رہے گی اور کوئی بھی ایسا اکاؤنٹ بحال نہیں کیا جائے گا جو طالبان کے خیالات کا پرچاری تھا۔

 عین ممکن ہے کہ طالبان کے آفیشل ویب سائٹس کی بندش عارضی ہو اور ایسا طالبان نے حکومت سازی کے دوران خود اپنے اہم اور حساس مواد کی حفاظت کے لیے کیا ہو تاہم طالبان کی جانب سے بھی ویب سائٹس بند ہونے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔