سعد رضوی کی رہائی کے بعد دھرنا ختم ہوگا: تحریک لبیک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-11-2021
سعد رضوی کی رہائی کے بعد دھرنا ختم ہوگا: تحریک لبیک
سعد رضوی کی رہائی کے بعد دھرنا ختم ہوگا: تحریک لبیک

 

 

اسلام آباد : پاکستان کے  وزیر آباد میں کالعدم مذہبی تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے رہنما سید سرور حسین سیفی نے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کے بعد دھرنا ختم کیا جائے گا۔

حکومت اور تحریک لبیک میں معاہدے کے بعد پیر کی رات گئے وزیر آباد میں موجود مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ’حکومت سے بات ہو گئی ہے۔

اراکین شوریٰ کی مشاورت کے بعد شرکا قریب پارک میں چلے جائیں گے۔‘ دھرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’جب تک حکومت 50 فیصد مطالبات نہیں مانے گی تب تک یہ دھرنا قریبی پارک میں جاری رہے گا تاہم کل تک جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔‘

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ’اگر آج کے بعد کسی کارکن یا رہنما کی گرفتاری ہوئی تو یہ معاہدہ ختم سمجھا جائے گا۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر حکومت نے مذاکرات میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو حکومت سن لے اس سے زیادہ بھرپور طاقت کے ساتھ آئیں گے۔

 اس موقع پر تحریک لبیک کی قیادت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ’ہمارا یہ دھرنا ختم نہیں ہوگا، جاری رہے گا جب تک علامہ سعد حسین رضوی رہا نہ ہو جائیں۔

جب تک قائد محترم رہا نہ ہو جائے یہاں سے ایک بندہ بھی نہیں جائے گا چاہے وہ قائدین میں سے ہو یا کارکنان میں سے ہو۔

قبل ازیں حکومت پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان کی مجلسِ شوریٰ کے دو اراکین ڈاکٹر محمد شفیق امینی اور پیر سید ظہیر الحسن شاہ کو رہا کر دیا۔ ترجمان ٹی ایل پی کے مطابق دونوں اراکین دیگر شوریٰ اراکین کے ہمراہ اسلام آباد سے وزیر آباد دھرنے میں پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے سابق سربراہ مفتی منیب الرحمان نے اتوار کو کہا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اتوار کو کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی کی پریس کانفرنس میں مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی کی فتح یا شکست نہیں ہے، اس معاہدے کی تفصیلات مناسب وقت پر آ جائیں گی۔ تاہم پریس کانفرنس میں تحریک لبیک کے لانگ مارچ کے ختم ہونے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

 مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ’حکومت پاکستان اور تحریک لبیک کے مابین اعتماد باہمی کے ماحول میں تفصیلی مذاکرات کے بعد اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا چکا ہے، آنے والے دنوں میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔‘

دوسری جانب جی ٹی روڈ تاحال بند ہے جبکہ جہلم گجرات اور گوجرانوالا میں انٹرنیٹ سروس ابھی تک نہیں کھولی گئی۔ تاہم فیض آباد کے گرد لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو مکمل طو پر ہٹا دیا گیا ہے۔ ریڈ زون کے ایکسپریس چوک سے داخلی اور خارجی راستے پر ڈایئورشن ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل راستے کے طور پر مارگلہ روڈ ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک استعمال کریں۔ دیگر تمام راستے مکمل طور پر کھلے ہیں۔