عازمین حج کی تعداد کا فیصلہ نہیں ہوا، ویکسین بنیادی شرط

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2021
حج کی تیاری جاری
حج کی تیاری جاری

 

 

 ریاض:سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح المشاط نے اس سال عازمین حج سے متعلق شرائط کا اعلان کیا ہے۔ روتانا خلیجیہ چینل کے ’یاھلا‘ پروگرام کو انٹرویو دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ’ اس سال حج کے عازمین کی اہم ترین شرط ویکسین ہے۔ امیدوار ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکا ہو یا کوئی ایک خوراک لی ہو یا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت پاچکا ہو۔ یہ اس سال حج کےعازمین کی بنیادی شرط ہوگی‘۔

اس سوال پر کہ کیا کورونا وبا سے زیادہ متاثر ممالک کو اس سال حج سے مستثنی رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عبدالفتاح المشاط نے کہا کہ ’حج کا طریقہ کار جامع ہوگا۔ اس کے تحت کسی خاص ملک یا کسی ادارے کی نشاندہی نہیں کی جائے گی‘۔ انہوں نے کہا کہ’ وزارت حج و عمرہ متعلقہ اداروں کی شراکت سے حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے والے تمام قواعد و ضوابط، انتظامات و اقدامات ترتیب دے رہی ہے‘۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والے اس دعوے کی تردید کی جس میں کہا جارہا تھا کہ اس سال ساٹھ ہزار افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی۔

نائب وزیر حج نے کہا کہ’ ابھی تک اس سال عازمین حج کی باقاعدہ تعداد متعین کی گئی ہے اور نہ اس کا اعلان ہوا ہے۔ حج اسکیمیں تیار کی جارہی ہیں مکمل ہونے پر حاجیوں کی تعداد کا اعلان ہوگا‘۔