دنیا میں کورونامتاثرین کی تعدادبارہ کروڑ سے زیادہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2021
کورونا وائرس
کورونا وائرس

 

 

واشنگٹن

دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 12کروڑ سے تجاوز کر گئی جبکہ 9 کروڑ 65 لاکھ سے زائد صحت یاب بھی ہو گئے۔ ایک امریکی خبررساں ایجنسی کے مطابق صرف امریکا میں کورونا کیسز کی تعداد 3 کروڑ سے بڑھ گئی۔ جب کہ ایک امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ امریکا میں کورونا سے روزانہ تقریباً 1500 افراد ہلاک ہورہے ہیں۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11کروڑ 94 لاکھ 87 ہزار 107 ہوگئی ہے جبکہ 26 لاکھ 47 ہزار 950 لوگ اس سے مر چکے ہیں۔

برازیل جو دنیا میں ایک کروڑ سے زیادہ کورونا کیسز کے حامل تین ممالک میں شامل ہے اب تک ایک کروڑ 14 لاکھ 39 ہزار 558 افراد اس بیماری کے انفکشن سے متاثر ہوچکے ہیں اور 2.77 لاکھ سے زیادہ مریض فوت ہوچکے ہیں۔ ہندوستان میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ 59 ہزار 45 ہوگئی ہے، حالانکہ 1،09،89،897 مریض کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

فعال معاملوں کی تعداد 8522 بڑھنے سے ان کی تعداد بڑھ کر مجموعی طور سے 2،10،544 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے میں مزید 158 مریضوں کی موت کے ساتھ اس بیماری سے مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 58 ہزار 604 ہوگئی ہے۔ ادھر برطانیہ میں 1 لاکھ 25 ہزار اور ہندوستان میں 1 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ فرانس میں کورونا مریضوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ (ان پٹ ایجنسی)