شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ نے کعبہ کو غسل دیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2021
خانہ کعبہ کا غسل
خانہ کعبہ کا غسل

 

 

مکہ:خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خانہ کعبہ کو آج غسل دیا ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق غسل کعبہ کی رسم حفاظتی تدابیر میں ادا کی گئی ہے۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے سالانہ معمول کے مطابق عرق گلاب سے معطر آب زمزم سے غسل کعبہ کی رسم انجام دی ہے۔

غسل کعبہ کی رسم میں گورنر مکہ کے ہمراہ حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، ممتاز علما اور کلید بردارانہ کعبہ بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان غسل کعبہ کی رسم کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

‘ انہوں نے کہا ہے کہ ’غسل کعبہ سنت کے مطابق سالانہ رسم ہے جسے اسلامی تاریخ کے ہر دور میں انجام دیا گیا ہے۔‘ واضح رہے کہ غسل کعبہ کی رسم سال میں دو مرتبہ یکم شعبان اور محرم کے مہینے میں ادا کی جاتی تھی۔