پہلےکووڈ ویکسین ۔ پھرحج

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-03-2021
حج کے دوران احتیاط
حج کے دوران احتیاط

 

 

ریاض ۔  امسال آپ اگر حج کرنا چاہتے ہیں تو پہلے آپ کو کووڈ ویکسین لگوانی ہوگی۔ یہ مستقبل کےلئے احتیاط کا حصہ ہے۔ اس لئے سعودی عرب کی وزارت صحت نے حکم دیا ہے کہ رواں سال صرف ان افراد کو حج میں شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی جنہیں کووِڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین لگ چکی ہیں۔

عرب میڈیا میں سعودی وزیر صحت کے دستخط شدہ ایک اعلان آیا ہے جس کے مطابق'وہ افراد جو حج کے لئے آنا چاہتے ہیں ان کے لئے کووِڈ 19 کی ویکسین لازمی ہے،جو حج کی درخواست کی مرکزی شرط ہوگی۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ 'سال 2021 کے حج سیزن میں شرکت کرنے والے ہیلتھ ورکرز کے لئے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا لازمی ہے۔

ایک سرکاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حج 2021 کے لئے مکہ، مدینہ، مقدس مقامات اور داخلی پوائنٹس پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے درکار افرادی قوت میں جگہ بنانے کے لئے پہلے سے تیاری کرلیں۔ وزارت صحت کے مطابق جن افراد نے ویکسین لگوائی ہوگی اور اس کے بعد 2 یا 3 ہفتے گزر چکے ہوں تو ان کے کسی متاثرہ شخص سے رابطہ کرنے پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

سعودی عرب میں اب تک 3 لاکھ 78 ہزار 2 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 6 ہزار 505 انتقال کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے فریضہ حج کے لئے سعودی حکومت نے محض 10 ہزار عازمین کا انتخاب کیا تھا اور تمام عازمین سعودی عرب میں رہائش پذیر تھے۔

فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے 10 ہزار خوش نصیب افراد میں سے 70 فیصد افراد کا تعلق دنیا کے دیگر ممالک سے تھا جبکہ 30 فیصد سعودی شہریوں کو حج کے لئے منتخب کیا گیا تھا اور تمام 10 ہزار خوش نصیبوں نے زندگی میں پہلی بار حج کی سعادت حاصل کی تھی۔