گوادر میں دہشت گرد حملہ، چین کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
چین پاک تعلقات میں تناو
چین پاک تعلقات میں تناو

 

 

 بیجنگ : چینی سفارت خانے نے پاکستان کے گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کا مناسب علاج اور حملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں سے ہمدردی اور بچوں کی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

 چینی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کا مناسب علاج اورحملے کی مکمل تحقیقات کرانے کے ساتھ ساتھ واقعے میں ملوث قصور واروں کو سخت سزا دی جائے اور ایسے واقعات روکنے کے مضبوط حفاظتی اور موثر اقدامات کیے جائیں۔

گذشتہ روز گوادر کے علاقے بلوچ وارڈ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے ، بعد ازاں وفاقی وزارت داخلہ نے گوادر میں ہونے والے دھماکے کو چینی قافلے میں خودکش حملہ قرار دیا ‏ تھا۔

 وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر ایسٹ بےایکسپریس وے پر چینی قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا، ‏قافلہ 4گاڑیوں پرمشتمل تھا، قافلے کے ساتھ آرمی اور پولیس کی گاڑیاں بھی تھیں، کالونی سے نکلنے والے حملہ آور کو سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں ‏نے روکا تو حملہ آور نے قافلے سے 15 سے 20 میٹر دور خود کو اڑا لیا۔