امریکی ہتھیاروں پر طالبان کا قبضہ۔ وائٹ ہاؤس کا اعتراف

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2021
امریکی ہتھیاروں پر طالبان کا قبضہ۔ وائٹ ہاؤس کا اعتراف
امریکی ہتھیاروں پر طالبان کا قبضہ۔ وائٹ ہاؤس کا اعتراف

 

 

واشنگٹن

امریکہ نے تسلیم کیا ہے کہ طالبان نے امریکی افواج کے ساتھ دو دہائیوں تک جاری رہنے والی جنگ کے خاتمے پر افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بڑی تعداد میں امریکی فوجی سازوسامان پر قبضہ کر لیا ہے۔

افغانستان سے آنے والی تصویروں اور ویڈیوز میں طالبان کے پاس امریکی فوج کے زیر استعمال اسلحہ اور گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں جنہیں پینٹاگون نے افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کو فراہم کیا تھا۔ اس کے علاوہ قندھار ایئرپورٹ پر جدید ترین UH-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور دیگر دفاعی ساز و سامان بھی طالبان کے قبضے میں جا چکا ہے۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ظاہر ہے ہمارے پاس اس حوالے سے مکمل معلومات نہیں ہیں کہ امریکی دفاعی ساز و سامان کا ہر ایک آرٹیکل کہاں گیا۔ مگر اس کا کافی حصہ طالبان کے ہاتھ لگ چکا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یقینی طور پر ہمیں یہ نہیں لگتا کہ وہ (طالبان) اسے آسانی سے ہمارے حوالے کریں گے۔‘سلیون نے کہا کہ ’دشمن کے ہاتھوں کروڑوں ڈالر مالیت کی فوجی سپلائی کا کنٹرول کھونا 20 سالہ جنگ کے خاتمے کے تناظر میں صدر کے مشکل انتخابات کی ایک مثال ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ بلیک ہاکس ہیلی کاپٹرز افغان سرکاری افواج کو فراہم کیے گئے تھے تاکہ طالبان شورش کا مقابلہ کر سکیں لیکن حکومتی افواج تیزی سے طالبان کے سامنے ڈھیر ہو گئیں اور شکست خوردہ فوج نے ہتھیاروں کے بڑے ذخیروں اور ان کے ہیلی کاپٹروں کا کنٹرول بھی کھو دیا۔