طالبان نے کی ہندوستان سےشہری پروازیں بحال کرنے کی گزارش

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-09-2021
طالبان: حکومت ہند سے باضابطہ پہلی بات چیت
طالبان: حکومت ہند سے باضابطہ پہلی بات چیت

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

 افغانستان کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد طالبان نے ہندوستان سے باضابطہ پہلی دفعہ بات چیت کی اور دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ سروس دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔

 طالبان نے کہا کہ افغانستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی آپ سے اپیل کرتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی پروازیں جلد شروع کی جائیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان نے ہندوستانی حکومت سے باضابطہ طور پر کوئی مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ افغانستان کے قائم مقام وزیر ہوا بازی الحاج حامد اللہ اخوندزادہ نے ڈائریکٹر جنرل انڈین ایوی ایشن ارون کمار کو لکھے گئے خط میں کیا ہے۔

اخوندزادہ نے لکھا ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں۔امریکی فوجیوں نے انخلا سے قبل کابل بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نقصان پہنچایا اور اسے ناقابل استعمال چھوڑ دیا۔ قطر کے بھائیوں کی تکنیکی مدد سے یہ ایئرپورٹ ایک بار پھر آپریشنل ہو گیا ہے اور تمام ممالک کو اس حوالے سے 6 ستمبر2021 کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 7 ستمبر2021 کو ہندوستان کو لکھے گئے ایک خط میں ، اخوندزادہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اب افغانستان کے لیے تجارتی پروازیں شروع کرے۔

اخوندزادہ نے لکھا کہ یہ خط لکھنے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی پروازوں کا آپریشن شروع کرنا ہے۔ اس پر دونوں ممالک کے درمیان ایک ایم او یو(MOU) ہے ، جس پر کام جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قومی ایئر لائنز اریانا افغان ایئر لائن اور کام ایئر ہندوستان کے لیے اپنی پروازیں شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ لیکن ہم آپ سے افغانستان سے فضائی خدمات شروع کرنے کی اپیل بھی کرتے ہیں۔