تائیوان کی مذمت:چینی جنگی طیاروں کی دفاعی زون میں پرواز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-10-2021
چینی جارحیت
چینی جارحیت

 

 

آواز دی وائس : عوامی جمہوریہ چین کے یوم قیام کے موقعے پر چینی فضائیہ نے تائیوان کے فضائی دفاعی زون میں سب سے بڑی دراندازی کی ہے جس کی تائیوان کی حکومت نے ہفتے کو سختی سے مذمت کی ہے- تائیوان ایک سال یا اس سے زیادہ عرصے سے اپنے فضائی حدور کی چینی فضائیہ کی طرف سے کئی بار خلاف ورزی کی شکایت کر چکا ہے۔ اکثر یہ خلاف ورزی تائیوان کے زیر انتظام پراتس کے جزیروں کے قریب فضائی دفاعی علاقے میں کی گئی۔

تائیوان خود کو آزاد خودمختار جمہوریہ کہتا ہے مگر چین نے اس کی ملکیت کا دعویٰ کر رکھا ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے جمعے کو کہا کہ 38 چینی طیارے اس کے دفاعی زون میں داخل ہوئے جن کے خلاف تائیوان کے لڑاکا طیاروں نے دو مراحل میں کارروائی کی۔ وزارت کا کہنا تھا کہ تائیوان نے چینی طیاروں کو خبردار کرنے کے لیے لڑاکا طیارے بھیجے جبکہ طیاروں کی نگرانی کے لیے میزائل نظام نصب کیا گیا۔ تائیوان کے وزیر اعظم سو سینگ چینگ نے ہفتے کو صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ’چین غیر ضروری طور پر فوجی جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔

‘ تائیوانی وزارت دفاع کے مطابق چین کی طرف سے پہلے مرحلے میں 18 جے 16 طیاروں، چار ایس یو 30 لڑاکا طیاروں، ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل دو ایچ سکس بمبار طیاروں اور آبدوز شکن طیارے نے دراندازی کی۔ دوسرے مرحلے میں 10 جے 16، دو ایچ سکس طیاروں اور پیشگی اطلاع کے لیے استعمال ہونے والے ایک طیارے نے تائیوان کی فضائی دفاعی حدود کی خلاف ورزی کی۔