ورلڈ کپ:29 سال میں پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی پہلی شکست

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست

 

 

دبئی : برسوں کی تڑپ دور ہوگئی ،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے آگئے ۔ بلاشبہ پاکستان نے نفسیاتی جال کاٹ دیا اور ورلڈ کپ میں پہلی بار ہندوستان کو شکست دیدی لیکن میچ ویسا نہیں ہوا جس کی توقع تھی۔ کیونکہ پاکستان نے یک طرفہ جیت حاصل کرلی۔کانٹوں کی جنگ میں مداحوں کو آخری اوور اور آخری بال کا مزاح نہیں آسکا۔بہرحال پاکستان کی ایک تمنا پوری ہوئی ۔ورلڈ کپ کے اسٹیج پر ہندوستان کا ناقابل تسخیر کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ ہندوستان کو پاکستان نے دس وکٹوں سے ہرا دیا۔ میچ بالکل یک طرفہ ثابت ہوا۔

یاد رہے کہ 1992یا کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد ویرات کوہلی ہندوستان کے پہلے کپتان ہیں جن کی کپتانی میں ٹیم انڈیا پاکستان سے ہار گئی ہے۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی پاکستان کے خلاف 29 سال بعد پہلی شکست تھی۔ اس سے قبل ٹیم کو 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ چند روز قبل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھی نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دی تھی۔

اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان جیت کا مستحق تھا۔ پہلے ہندوستانی بیٹنگ لڑکھڑائی اور پھر بالرز کوئی اثر نہیں ڈال سکے ۔ اس کا ایک سبب یہ بھی تھا کہ پاکستان کی اوپننگ جوڑی نے سینچری پارٹنر شپ کی اور جیت کی راہ کو آسان کردیا جس میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے اہم کردار ادا کیا اور میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے۔جس کے جواب میں پاکستان نے یہ ٹارگیٹ آسانی سے پار کرلیا۔

پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں ہندوستان سے شکست کا جمود توڑ کر  10 وکٹوں سے ہرادیا۔ ہندوستان  کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستان کی اننگز

ہندوستان  کے 152 رنز کے ہدف تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز کیا ۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلےاور 152 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ہندوستانی بولرز کو وکٹ لینے کا موقع نہ دیا۔ محمد رضوان شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 79 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار ہندوستان کو شکست دی ۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کو شاندار بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

ہندوستان کی اننگز

ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 151 رنز بنائے اور پاکستان کو 152 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کپتان ویرات کوہلی نے 57 رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی جبکہ رشبھ پنت نے 39 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ میچ کے شروع میں پاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی نے 6 کے اسکور پر اوپنرز کو پویلین بھیج کر پاکستان کی پوزیشن مستحکم بنادی تھی ۔ پہلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر روہیت شرما کو صفر پر آوٹ کیا تو اننگز کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر شاہین نے دوسرے اوپنر کے ایل راہول کو بولڈ کردیا۔

مزید پڑھیں

ہند۔پاک ٹکر: ایک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے 

 اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی نے سوریا کمار یاد کے ہمراہ 25 رنز کی شراکت قائم کی، حسن علی نے محمد رضوان کی مدد سے سوریا کمار کو 11 کے انفرادی اسکور پر قابو کرلیا۔۔یوں ہندوستان کے ابتدائی تین وکٹ 31 کے اسکور پر گرگئیں، ایسے میں کپتان ویرات کوہلی نے وکٹ پر روکنے اور مزید ذمے دارانہ انداز میں کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر آنے والے لیف ہینڈ بیٹسمین رشبھ پنت کو موقع دیا کہ وہ کھل کر کھیلیں، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اسکور میں مجموعی طور پر 53 رنز کی شراکت قائم کی۔رشبھ پنت نے 30 گیندوں پر 2 چھکوں اور اتنے چوکوں کی مدد 39 رنز بنائے انہیں شاداب خان نے اپنی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔

پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹی20 کرکٹ میں 100 کیچز مکمل کرلیے ہیں۔

ہند۔ پاک کےدرمیان ٹی20 ورلڈ کے سنسنی خیز مقابلے میں محمد رضوان نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ محمد رضوان نے ہندوستان  کے خلاف اپنے کیریئر کا اہم مرحلہ میچ کے چھٹے اوور میں حسن علی کی گیند پر سوریا کمار یادیو کا شاندار کیچ پکڑ کر عبور کیا۔ 29 سالہ محمد رضوان نے 44 انٹرنیشنل ٹی20 میچز کھیلے ہیں، انہوں نے اس دوران 1 سنچری اور 8 نصف سنچریوں کی بدولت 1065 رنز بنا رکھے ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔

ہندوستان اور پاکستان کی درمیان یہ 200واں میچ تھا۔

ٹی 20 ورلڈکپ 2021ء کے سپر 12 مرحلے کا چوتھا میچ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مجموعی طور پر 200واں میچ ہے۔

ہر طرز کی کرکٹ میں مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے 199 میچز ہوچکے تھے۔

ان میچز کے نتائج کے مطابق پاکستان نے 86 میں کامیابی سمیٹی جبکہ 70 میں ہندوستان کامیاب رہا۔

 دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ 38 مقابلے ڈرا پر اختتام پزیر ہوئے۔

 ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں 2007ء سے 2021 کے دوران 9 ویں بار آمنے سامنے ہیں، آج کے مقابلے سے قبل 8 میچوں میں سے ہندوستان 6 میں فاتح رہا جبکہ ایک پاکستان نے اپنے نام کیا اور ایک میچ ٹائی ہوا۔

 ایک روزہ کرکٹ میں 1978 سے 2019 کے دوران ہند۔ پاک 132 مربتہ مدمقابل آئے، پاکستان 73 میں فاتح اور ہندوستان 55 میچ میں کامیاب رہا۔

 ہند۔ پاک کے درمیان 1952 سے 2007 کے دوران 59 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے،ہندوستان کو 9 فتح ملی جبکہ پاکستان 12 مقابلوں میں سرخرو رہا اور 38 میچز ڈرا ہوئے ہیں۔