شام: بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور 10زخمی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2021
شام: بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور 10زخمی
شام: بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور 10زخمی

 

 

دمشق

شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور 10زخمی ہوگئے۔ بدھ کے روز یہ دھماکا ایک بس میں اس وقت ہوا، جب وہ ری پبلکن گارڈز ہاؤسنگ کمپاؤنڈ میں داخل ہونے والی تھی۔

ایک حکومتی ذرائع نے کم از کم 10 افراد کے زخمی ہونے کا بتایا ہے۔ واضح رہے کہ دمشق اسدی فوج کا مضبوط او رمحفوظ ترین گڑھ ہے۔ دوسری جانب ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم قالن سے انقرہ میں موجود روس کے شام کے لیے نمایندہ خصوصی الیکسینڈر لاورانتیئف نے ملاقات کی۔

یہ ملاقات ایوان صدر میں ہوئی، جس میں وفود کے درمیان شام کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں ادلب میں جنگ بندی کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے سمیت اشتعال انگیزی کو روکنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔

بات چیت میں شام میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سیاسی پیش رفتوں کو مؤثر بنانے اور دستور ساز کمیٹی کے امور میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دینے سمیت شام کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور کرد جنگجوؤں اور داعش کے علاوہ دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

شام میں انسانی بحران میں کمی لانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد 2585 پر عمل کو ممکن بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ (ایجنسی ان پٹ )