عمان کے سلطان ہیثم کا دورہ سعودی عرب۔ نئے راستے کھلیں گے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-07-2021
سلطان ہیثم کا دورہ سعودی عرب
سلطان ہیثم کا دورہ سعودی عرب

 

 

 جدہ:دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔عمان کے سلطان کو اس دورے کی دعوت سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے دی ہے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان دلچسپی اور تعاون کے وسیع موضوعات پر گفتگو ہوگی۔

سعودی عرب اور عمان کی حکومتوں کے مابین تعلقات نصف صدی سے مختلف امور میں تعاون، علاقائی و عالمی مسائل پر ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔دونوں مملکتوں کے عوام کے درمیان تاریخی رشتے استوار ہیں جو عرب ثقافت، روایات اور خلیج عرب کے مشترکہ ورثے کے ضامن ہیں۔

 سعودی عرب اور سلطنت عمان خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے بھی رکن ہیں جہاں دونوں مملکتیں تنظیم کے مشترکہ سٹریٹیجک مقاصد اور ویژن کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ رکن ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید مربوط بنایا جا سکے۔باہمی تعاون کا یہی کردار دونوں ملک عرب لیگ اور اسلامی تعاون کی تنظیم، اقوام متحدہ اور دیگر کئی عالمی فورم پر بھی ادا کرتے ہیں۔

 اس دورے کا مقصد تعاون کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کے راستے بنانا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں تیزی سے ترقی کی جا سکے۔ دورے کا مقصد ’گہرے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے لیے نئے شعبوں کی تلاش خصوصا تجارت، انفراسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ میں آگے بڑھنا ہے۔‘سلطان ہیثم کے ساتھ اس دورے میں ان کے سینیئر وزرا اور سفارت کار بھی آئے ہیں۔ عمان کے سلطان کے وفد میں دفاعی امور کے ڈپٹی پرائم منسٹر سید شہاب بن طارق السید، وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل اور وزیر خارجہ سید بدر بن حمد شامل ہیں۔