ہندوستان کو نقصان پہنچا تو ہندوستان بھی کسی کو نہیں بخشے گا:راج ناتھ سنگھ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2022
ہندوستان کو نقصان پہنچا تو ہندوستان بھی کسی کو نہیں بخشے گا:راج ناتھ سنگھ
ہندوستان کو نقصان پہنچا تو ہندوستان بھی کسی کو نہیں بخشے گا:راج ناتھ سنگھ

 

 

واشنگٹن: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ اگر ملک کو نقصان پہنچایا گیا، توہندوستان بھی کسی کو نہیں بخشے گا۔ انہوں نے بی جے پی کے اس موقف کا اعادہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ھندوستان ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھرا ہے اور دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی جانب رواں دواں ہے۔

راج ناتھ سنگھ امریکہ کے ساتھ ٹو پلس ٹو ڈائیلاگ کے لیے واشنگٹن میں تھے اور پھر وہاں سے امریکہ میں ہندوستانی کمیونٹی سے خطاب کے لیے سان فرانسسکو پہنچے جہاں انہوں نے اس طرح کے دعوے کیے۔

وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں براہ راست چین کا نام تو نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ خطہ لداخ میں سرحدی کشیدگی اور چین سے تنازعے کی جانب تھا۔ انہوں نے ایک منتخب اجتماع کو چین کے ساتھ سرحد پر فوجیوں کے بہادری کے قصے بھی سنائے۔

ان کا کہنا تھا، ’’میں کھل کر نہیں کہہ سکتا کہ انہوں نے کیا کیا اور ہم (حکومت) نے کیا فیصلے کیے۔ لیکن میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ (چین کو) ایک پیغام پہنچ گيا ہے کہ ہندوستان کو نقصان پہنچا تو ہندوستان بھی کسی کو نہیں بخشے گا۔‘‘

ہندی زبان میں انہوں نے یہ جملہ استعمال کیا، ’’بھارت کو اگر کوئی چھیڑےگا تو بھارت چھوڑے گا نہیں۔‘‘ وزیر دفاع کا دعویٰ ہے کہ ہندوستان کی، ’’شبیہ اب بدل چکی ہے، ملک کا وقار بہتر ہوا ہے۔

دنیا کی کوئی بھی طاقت آئندہ چند برسوں کے دوران، ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے سے نہیں روک سکتی۔‘‘ (ایجنسی)