پیسہ پھیکو تماشہ دیکھو: 10 منٹ 10 سیکنڈز میں خلا کا چکر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-07-2021
خلا کا چکر
خلا کا چکر

 

 

 لندن: دنیا کے امیر ترین شخص اور آن لائن کاروبار کی معروف کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس خلا کا اپنا پہلا سفر مکمل کرکے واپس آگئے۔

یہ تاریخی سفر خلا میں کمرشل پروازوں کی جانب اہم قدم ہے اور یہ سفر ایمازون ہی کی زیر ملکیت ایرو اسپیس کمپنی ’بلیو اوریجن‘ کے تیار کردہ خلائی جہاز ’نیو شیپرڈ‘ میں کیا گیا۔

یہ تاریخی خلائی سفر صرف 10 منٹ اور 10 سیکنڈز پر مشتمل تھا جس میں چار خلابازوں نے خلائی جہاز میں موجود بڑی شیشے کی کھڑکیوں سے خلا اور زمین کا خوبصورت نظارہ کیا۔

 اس سفر میں جیف بیزوس کے ہمراہ ان کے بھائی مارک بیزوس، خلائی سفر کی دوڑ کی بانیوں میں سے ایک 82 سالہ معمر خاتون خلا باز ویلی فنک اور ایک 18 سالہ طالب علم اولیور ڈیمین شامل تھے۔اس سفر کے بعد اولیور خلا کا سفر کرنے والے کم عمر ترین شخص اور ویلی فنک معمر ترین خاتون بن گئی ہیں۔

 جیف بیزوس نے 2 ہفتے قبل ہی ایمازون کی سربراہی سے استعفیٰ دیا تھا تاکہ وہ بلیو اوریجن اور اپنے دیگر منصوبوں پر توجہ دے سکیں۔

 

خلائی جہاز امریکی ریاست ٹیکساس کے قصبے وین ہارن میں ایک نجی سائٹ سے روانہ ہوا، سفر کے آغاز کے 2 منٹ بعد خلائی کیپسول اپنے راکٹ سے جدا ہوگیا اور زمین سے 100کلو میٹر اوپر ماہرین کی وضع کردہ خلائی حدود 'کرمان لائن' کی جانب رواں دواں ہوگیا۔ 

اس سفر میں چاروں خلا بازوں کو تقریباً 4 منٹ تک کشش ثقل کی کمی کے باعث بے وزنی کی کیفیت کا سامنا رہا جس کے دوران وہ اپنی نشستوں کی بیلٹ کھول کر جہاز میں تیر کرباہر کا نظارہ کرسکے۔

جب جہاز نے کرمان لائن کو کراس کیا تو تمام مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا اور نعرے لگائے، خلائی جہاز 107 کلومیٹر کی بلندی تک گیا جس کے بعد وہ ایک صحرائی علاقے میں واپس زمین پر آگیا اور چاروں مسافر بحفاظت زمین پر واپس اتر گئے۔ زمین پر پہنچنے کے فوری بعد جیف بیزوس کا کہنا تھا کہ 'میں ناقابل یقین حد تک ٹھیک ہوں’ اور یہ ‘خلا باز بیزوس' کا بہترین دن تھا۔