سندھ : اپوزیشن ارکان چارپائی اور بستر ایوان میں لے آئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
ہنگامہ آرائی کا منظر
ہنگامہ آرائی کا منظر

 

 

 کراچی: پاکستان میں سڑکوں سے ایوان تک سب کچھ ایسا ہورہا کہ وہ وائرل ہورہا ہے۔ معاملہ ویکسینیشن سینٹر کا ہو یا پھر ایوان کا۔ اب ایک واقعہ ہوا ہے اسمبلی میں۔ جہاں ایک دلچسپ جنگ دیکھنے کو ملی۔ در اصل سندھ اسمبلی میں پیر کے رواز اس وقت دلچسپ صورتحال ہوگئی جب اپوزیشن اراکین اپنے ساتھ چارپائی اور بستر لے آئے ۔

 اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران اس وقت ایوان میں ہنگامہ ہوا ہے،جب اپوزیشن اراکین چارپائی ایوان میں لے آئے اور چارپائی پر بستر بچانے کی کوشش کی۔

 سارجنٹ ایٹ آرمز نے اپوزیشن اراکین کو چارپائی کے ساتھ ایوان میں روکنے کی کوشش کی جس پر ہنگامہ ہو گیا۔ روکنے پر اپوزیشن اراکین نے نعرے لگائے کہ یہ جمہوریت کا جنازہ ہے۔

 اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ایوان کا تقدس پامال کرنے پر کارروائی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں چارپائی اور بستر لانے کے واقعے پر کہا کہ آپ لوگوں نے ایوان کی توہین کی ہے۔۔ تحریک انصاف کے 8 ارکان کے سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت پر پابندی

 آٹھ ارکان پرپابندی

سندھ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے ایوان میں چارپائی لانے پر اسپیکر آغا سراج درانی نے تحریک انصاف کے ارکانِ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 اراکین کی سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔

 اس حوالے سے سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر کی منظوری کے بعد حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیر کو ہونے والے سیشن میں پی ٹی آئی کے ارکان نے ایوان کے تقدس اور پارلیمانی روایت کو نقصان پہنچایا ہے۔

حکم نامے کے مطابق پابندی رواں سیشن کے لئے عائد کی گئی ہے ۔ جن ارکان پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال احمد ،سعید احمد، رابستان خان، راجہ اظہر ارسلان تاج رواں، محمد علی عزیز جی جی، عدیل احمد اور شاہ نواز جدون شامل ہیں ۔ یہ ارکان سندھ اسمبلی کے رواں اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ اعلامیے کے مطابق کارروائی رول 233 اور 257 کے تحت ان ارکان کے غیر مناسب رویے کے خلاف کی گئی ہے۔

 واضح رہے کہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ دعا کے بعد پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے ایوان میں شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی گئی تھی پی ٹی آئی ارکان جمہوریت کے علامتی جنازے کے طور پر ایوان میں چارپائی اور بستر لے آئے تھے جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو انکوائری کا حکم دیا تھا۔