ایران اور سعودی عرب کے رشتوں میں بہتری کے اشارے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
محمد بن سلمان
محمد بن سلمان

 

 

دبئی

ایران نے سعودی عرب کی جانب سے 'لہجے میں تبدیلی' کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے کہ دونوں ممالک امن کے حصول کے لیے ایک ساتھ چل سکتے ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے مثبت اشاروں کے بعد ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا ملک  سعودی عرب  کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا ہے کہ تعمیری نظریات اور مکالمے پر مبنی نقطہ نظر کے ساتھ ایران اور سعودی عرب اختلافات پر قابو پا کر امن، استحکام اور علاقائی ترقی کے حصول کے لیے باہمی روابط اور تعاون کے ایک نئے باب میں داخل ہوسکتے ہیں ۔

اس ضمن میں ایک سفارتکار کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت سعودی عرب کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر سخت مؤقف اپنائے ہوئے ہے اور یمن جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے ایسے میں محمد بن سلمان نے یہ ظاہر کیا کہ وہ خطے کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم شراکت دار ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران اور سعودی عہدیداران نے کشیدگی میں کمی کے لیے رواں ماہ عراق میں براہِ راست مذاکرات بھی کیے ہیں ۔