سیالکوٹ سانحہ: ہلاک ہونے والے سری لنکائی شہری کی آخری رسومات ادا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
سیالکوٹ سانحہ: ہلاک ہونے والے سری لنکائی شہری کی  آخری رسومات ادا
سیالکوٹ سانحہ: ہلاک ہونے والے سری لنکائی شہری کی آخری رسومات ادا

 


کولمبو:سیالکوٹ میں ہجوم کے تشدد سے ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کو ان کے آبائی گاؤں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ 

پریانتھا کمارا کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکا میں ان کے آبائی گاؤں میں ادا کردی گئیں۔ بدھ مت کے پیشواوں نے پریانتھا کمارا کے گھر پر مذہبی رسومات ادا کیں، جس کے بعد جلی ہوئی باقیات کو قبرستان کی طرف جلوس کی شکل میں لے جایا گیا۔

جس میں پریانتھا کے خاندان، دوست اور دیگر افراد نے شرکت کی، راستے کو تعزیتی بینرز اور سوگ کی علامت سفید جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن شہری پریانتھا کمارا، جنہیں گزشتہ ہفتے سیالکوٹ میں توہین مذہب کے الزام میں ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کرنے کے بعد آگ لگا دی تھی، کو بدھ کےروز ان کے آبائی گاؤں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

گزشتہ جمعہ کوسیالکوٹ میں جہاں پریانتھا کمارا نے کھیلوں کے سامان کی فیکٹری چلانے میں مدد کی وہاں سینکڑوں لوگوں کے ہجوم نے ان پر حملہ کیا ،تشدد کیا، انہیں سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی۔

awz

فیکٹری کے مزدوروں نے پریانتھا پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نام والے پوسٹرز کی بے حرمتی کی۔ ہلاک سری لنکن شہری کے بھائی، ارونا سری وسانتھا کمارا دیاوادنا، جو پاکستان میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، نے کہا کہ فیکٹریوں کا ماحول محفوظ ہونا چاہیے مگر اس معاملے میں ایسا نہیں ہوا۔

پریانتھا کے بھائی نے انتظامی امور میں بہتری لانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی تنازع کو بہت دیر ہونے سے پہلے حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو ’اس معاملے کی اصل وجہ کا تعین کرنا چاہیے، چاہے یہ مذہبی معاملہ ہو یا صنعتی تنازع، اور اسی کے مطابق انہیں حل تلاش کرنا ہوگا‘۔'

awz

سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے افسوسناک قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں پنجاب پولیس نے سو سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے قصورواروں کو سخت سزا دینے کا وعدہ کیا ہے۔