گھر بیٹھے حجر اسود کا دیداراور بوسہ : جانئے کیسے ؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
 گھر بیٹھے حجر اسود کا دیداراور بوسہ : جانئے کیسے ؟
گھر بیٹھے حجر اسود کا دیداراور بوسہ : جانئے کیسے ؟

 

 

مکہ :  حجر اسود کے ورچوئل انیشیٹیو کے افتتاح کا مقصد وی آر ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تجربات کی مدد سے حجر اسود کو ورچوئل دیکھنے، اسے بوسہ دینے اورمحسوس کرنے کے لیے حقیقی منظر جیسا ماحول فراہم کرناحرمین شریفین انتظامیہ نے حجر اسود کو ورچوئل دیکھنے کا آغاز کر دیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ یہ انیشیٹیو ڈیجیٹل ایگزی بیشن نے ام القریٰ یونیورسٹی کے ماتحت خادم حرمین شریفین حج و عمرہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے متعارف کرایا ہے۔

 جدید ترین ٹیکنالوجی سے بنی مقامِ ابراہیم اور حجرِ اسود کی واضح ترین تصاویر جاری حجر اسود کو بوسہ دینے کیلئے خواتین کے اوقات مقرر کرنے کی تجویز انہوں نے کہا کہ آنکھ، کان، ناک اور احساس کے ساتھ ورچوئل طریقے سے حجر اسود کو دیکھنے کے لیے حقیقی ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ جو لوگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حجر اسود پر نظر ڈالیں تو وہ خود کو اپنے پورے وجود کے ساتھ مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے سامنے محسوس کریں اور زیادہ سے زیادہ افراد اس حوالے سے اپنا خواب پوراکر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت فرضی منظر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کچھ اس طرح سے پیش کر رہی ہے کہ اس پر حقیقت کا گمان ہوتا ہے جبکہ حجر اسود اور اس کے اطراف کے مناظر ورچوئل سسٹم سے ممکن بنائے جا رہے ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق فوری طور پر دنیا بھر کے لوگ ’حجر اسود‘ کو ورچوئل طریقے سے نہیں دیکھ سکیں گے، تاہم جلد ہی منصوبے کو وسعت دے کر اسے عام بنایا جائے گا۔ ’حجر اسود‘ کو ورچوئل طریقے سے گھر بیٹھے دیکھنے کے لیے لوگوں کو وی آر ہیڈ کا استعمال کرنا ہوگا اور ایسے لوگ ادارے کی ویب سائٹ پر دیے گئے لنک سے انٹرنیٹ کے ذریعے منسلک ہوکر ’حجر اسود‘ کو دیکھ سکیں گے۔ حرمین شریفین کے منتظم ادارے کے مطابق مذکورہ منصوبے کے تحت لوگ ورچوئل طریقے سے نہ صرف ’حجر اسود‘ کو قریب سے دیکھ سکیں گے بلکہ اسے ڈیجیٹل چھو بھی سکیں گے اور ممکنہ طور پر ایسی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی، جس سے لوگ ’حجر اسود‘ کی خوشبو کو بھی محسوس کر سکیں گے۔

اگرچہ ’حجر اسود‘ کو ورچوئل طریقے سے دیکھنے کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ منصوبے کے تحت عام لوگ کب تک مستفید ہو سکیں گے۔ فوری طور پر منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سعودی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ورچوئل نماش میں لوگ ’حجر اسود‘ کو دیکھ سکیں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ منصوبے کو عام افراد کے لیے کھولنے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ مذکورہ منصوبے سے قبل رواں برس مئی میں حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ادارے رئاسة شؤون الحرمين نے ’حجر اسود‘ اور ’مقام ابراہیم‘ کی اعلیٰ تکنیک کے ذریعے لی گئی تصاویر جاری کی تھیں۔

’حجر اسود‘ کا پتھر خانہ کعبہ کے جنوب مشرقی سمت کے کونے پر نصب ہے اور عازمین حج فرائض کی ادائیگی کے دوران اسے چومتے بھی ہیں۔ ’حجر اسود‘ بیضے کی شکل کے خالص چاندی کے فریم کے ساتھ خانہ کعبہ کے ساتھ جڑا ہوا ہے مختلف اسلامی روایات اور حوالوں کے مطابق ’حجر اسود‘ کو جنت سے زمین پر اتارا گیا تھا اور یہ مقدس پتھر کئی صدی قبل اس وقت اتارا گیا تھا جب حضرت ابراہیم اور ان کے صاحبزادے حضرت اسمٰعیل خانہ کعبہ کی تعمیر کر رہے تھے۔