افغان عوام کو بچائیں ۔ دنیا سے کرکٹر راشد خان کی اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2021
راشد خان کی اپیل
راشد خان کی اپیل

 

 

کابل : افغانستان کے کرکٹ سپر اسٹار راشد خان نے عالمی لیڈران سے اپیل کی ہے کہ افغان عوام کو ان حالات سے بچائیں،جو ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں ۔

 ٹوئٹر پر جاری کردہ جذباتی پیغام میں افغان کرکٹر نے ملکی صورتحال کا ذکر کیا تو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے پرتشدد واقعات اور اس میں ہونے والے جانی نقصان کا ذکر بھی کیا۔

 راشد خان نے بین الاقوامی سربراہان مملکت درخواست کی ہے کہ ان کے ملک کو انتشار اور افراتفری کے ماحول میں تنہا نہیں چھوڑا جائے۔

افغان کھلاڑی نے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ ’میرا ملک افراتفری کا شکار ہے، ہزاروں معصوم لوگ بشمول بچوں اور خواتین ہر روز شہید ہورہے ہیں اور ان کے املاک تباہ ہورہے ہیں۔ ہزاروں خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو افراتفری کے ماحول میں تنہا نہ چھوڑا جائے۔ افغانوں کو مارنا اور افغانستان کو تباہ کرنا بند کیا جائے۔ ہم امن چاہتے ہیں۔

‘  راشد خان افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا مستقل حصہ اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہیں۔

گزشتہ برس امریکہ اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں ہونے والے معاہدے کے تحت امریکی افواج 31 اگست تک افغانستان سے انخلا مکمل کرلیں گی۔

افغانستان میں برسوں سے موجود غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد ملک بھر میں طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز میں لڑائیاں جاری ہیں۔ طالبان نے گزشتہ روز افغانستان کے چھٹے صوبائی دارالحکومت ایبک پر بھی قبضہ کرلیا تھا۔