سعودی عرب :داخلی سیاحت میں دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-12-2021
سعودی عرب :داخلی سیاحت میں  دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک میں
سعودی عرب :داخلی سیاحت میں دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک میں

 

 

ریاض : سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب داخلی سیاحت کے حوالےسے دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ داخلی سیاحت کا فروغ 2022 میں ترجیح ہے۔ یہ وژن 2030 کا بنیادی ستون ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اخبار 24 کے مطابق احمد الخطیب نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ معیشت کو مضبوط بنانے اور شہریوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے اہم ہے۔ قومی بجٹ 2022 فورم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پوری دنیا کے 10 فیصد ملازمین کا تعلق سیاحت کے شعبے سے ہے اور 10 فیصد عالمی معیشت سیاحت پر منحصر ہے۔ 

وزیرسیاحت کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدد سے سیاحت کے شعبے کو بڑی اہمیت دے رہی ہے۔ اس شعبے نے اقتصادی فوائد حاصل کرنے کے حوالے سے اپنی حیثیت منوا لی ہے۔ ملازمتوں کی فراہمی میں اس کا حصہ چار فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔۔ 

انہوں نے توجہ دلائی کہ سیاحت اور سفر کے شعبے کو 2020 کے دوران کورونا وبا کی وجہ سے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ معیشت میں اس کی حصہ داری 2019 کے مقابلے میں 75 فیصد تک گھٹ گئی تھی۔ اس سے نئے چیلنجز سامنے آئے۔ سیاحت کے شعبے کو اندرون ملک بنانے سنوانے، کھڑا کرنے اور جدید بنیادوں پر اوپر کی طرف لے جانے کےلیے قانون سازی اور فنڈنگ کا ماحول پیدا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان چیلنجوں نے نئے راستے دکھائے۔ ہوٹلوں سے متعلق نئے قوانین و ضوابط بنائے گئے اور خدمت کا معیار بہتر بنایا گیا۔۔

 وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ ریاض میں عالمی سیاحت تنظیم کا پہلا ریجنل آفس کھول دیا گیا ہے۔ اس کے تحت 13 ریجنل آفس ہوں گے۔

 الخطیب نے کہا کہ مملکت داخلی سیاحت میں دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ 2021 میں 54 سیاحتی پروگرام کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

داخلی سیاحت کو فروغ دیا۔ بیرونی سفر پر پابندیوں کی وجہ سے داخلی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ 2022 میں ہماری ترجیح موسم گرما اور موسم سرما میں سیاحتی پیکیج کی تشہیر اور سیاحت کے شعبے میں إصلاحات کا عمل جاری رکھنا ہے۔

آئندہ برس سیاحتی سیزن تمام پروگراموں کے ساتھ بحال ہوں گے۔ ’وزارت سیاحت نے شہریوں میں سرمایہ لگانے، انہیں ٹریننگ دینے اور سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کےلیے 500 ملین ریال کا بجٹ مختص کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سعودی سیاحت کے شعبے میں آگے آئیں۔