سعودی عرب: تراویح اور قیام اللیل عشا کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-05-2021
سخت احتیاطی اقدام
سخت احتیاطی اقدام

 

 

 ریاض: سعودی عرب میں رمضان کے آخری عشرے کے لیے جاری ایس او پیز میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مساجد میں تراویح اور قیام اللیل کو عشا کے ساتھ نصف گھنٹے میں ادا کی جائے۔سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے ملک بھر کی تمام مساجد کے آئمہ کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر نماز تراویح اور قیام اللیل کی نمازوں کو عشا کی نماز کے ساتھ ہی ادا کریں اور قیام اللیل 30 منٹ سے زیادہ کی نہیں ہونی چاہیئے۔ سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے مساجد کے آئمہ کے لیے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں رات کی عبادت کو مختصر کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کو کہا گیا ہے اور شہریوں سے بھی استدعا کی گئی ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماہ صیام کے بقیہ دنوں میں مساجد میں اجتماعی عبادات کو مختصر رکھیں۔ واضح رہے کہ خانہ کعبہ میں پہلے ہی اعتکاف کی اجازت نہیں دی گئی ہے جب کہ اجتماعی سحر و افطار پر بھی پابندی ہے۔ مسجد الحرام کو روزانہ 10 مرتبہ جراثیم کش ادویات اور پانی سے دھونے کا انتظام کیا گیا ہے۔